ایران جنگ میں پاکستان قابل اعتماد ثالث:چینی سفیر

ایران جنگ میں پاکستان قابل اعتماد ثالث:چینی سفیر

چین عارضی جنگ بندی میں پاکستانی فعال کردارکو سراہتا ہے :کانگ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ایران میں تعینات چینی سفیر کانگ پَے وُو کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک قابل اعتماد اور قابل ثالث ہے۔ایرانی نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے چینی سفیر نے کہا چین مشرق وسطٰی میں امن کے فروغ اور علاقائی استحکام کیلئے اسلام آباد کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ چین مشرق وسطٰی میں امن کے فروغ، ایران اور امریکا کے درمیان عارضی جنگ بندی میں سہولت کاری اور اسلام آباد مذاکرات کی میزبانی میں پاکستان کے فعال کردار کو سراہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان عارضی جنگ بندی کے قیام میں سہولت کاری کے ساتھ ساتھ سفارتی رابطوں کو آگے بڑھانے میں بھی مثبت کردار ادا کیا ہے ۔موجودہ علاقائی صورتحال میں ایسے ممالک کی اہمیت بڑھ جاتی ہے جو مختلف فریقوں کے درمیان رابطے کا پل بن سکیں، اور پاکستان نے اس حوالے سے خود کو ایک قابل اعتماد شراکت دار اور ثالث کے طور پر منوایا ہے ۔چینی سفیر نے مزید کہا کہ چین مشرق وسطٰی میں امن، سلامتی اور ترقی کے فروغ کیلئے تمام تعمیری سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں