محفوظ غذا ہر انسان کا بنیادی حق

محفوظ غذا ہر انسان کا بنیادی حق

کراچی (خبر ایجنسیاں) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یوم غذائی تحفظ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ محفوظ غذا ہر انسان کا بنیادی حق اور صحت مند سماج کی ضمانت ہے۔

 غذائی تحفظ انسانی صحت، مضبوط معیشت اور پائیدار ترقی کے لیے نہایت اہمیت رکھتا ہے جبکہ غیر معیاری اور آلودہ خوراک کئی خطرناک بیماریوں کا سبب بنتی ہے ، حکومت سندھ عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ خوراک کی تیاری سے لے کر استعمال تک ہر مرحلے پر احتیاط، صفائی اور معیار کو یقینی بنانا ضروری ہے ، غذائی تحفظ صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ پوری سوسائٹی کی مشترکہ ذمہ داری ہے ، خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر نگرانی اور فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد جاری ہے تاکہ عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ صاف پانی، حفظان صحت اور محفوظ خوراک کے اصولوں پر عمل کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا عالمی یوم غذائی تحفظ ہمیں صحت مند اور محفوظ مستقبل کے لیے اجتماعی کردار ادا کرنے کا پیغام دیتا ہے۔

بچوں، خواتین اور کمزور طبقات کو محفوظ خوراک کی فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے ۔وزیر خوراک مخدوم محبوب الزماں نے کہا کہ محفوظ اور معیاری خوراک ہر شہری کا بنیادی حق ہے ، حکومت سندھ عوام کو صحت بخش، معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ورلڈ فوڈ سیفٹی ڈے پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ خوراک کا تحفظ صرف صحت عامہ کا معاملہ نہیں بلکہ یہ سماجی ترقی، معاشی استحکام اور عوامی خوشحالی سے بھی براہ راست جڑا ہوا ہے ، اس لیے غذائی معیار کو برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا خوراک کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،ملاوٹ مافیا، ذخیرہ اندوزوں اور غیر معیاری خوراک فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید موثر، منظم اور تیز بنایا جائے گا تاکہ عوام کو مضر صحت اور غیر معیاری اشیائے خور و نوش سے محفوظ رکھا جا سکے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں