پنجاب :بیشتر اضلاع میں آج سے شدید گرمی ،الرٹ جاری
درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری تک زیادہ رہنے کا امکان
لاہور(اے پی پی،این این آئی)پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے رواں ہفتے کیلئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج 8 جون سے 12 جون تک شدید گرمی کی لہر کا خدشہ ہے اور درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہو سکتا ہے ۔ترجمان کے مطابق بالائی پنجاب میں درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری ،جنوبی پنجاب و میدانی اضلاع میں درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے ۔راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور اور فیصل آباد میں بھی درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے ۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کرتے کہا ہے کہ انتظامیہ الرٹ رہے ،رات کے وقت بھی موسم معمول سے زیادہ گرم رہنے کی توقع ہے ، شہری صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک براہ راست دھوپ سے بچیں اور زیادہ پانی پئیں، دھوپ میں غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز کیا جائے ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے کہا کہ گرمی کی شدت کے باعث گرد آلود ہوائوں اور طوفان کا خطرہ موجود ہے ،کاشتکار فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کیلئے پیشگی اقدامات کریں،ریسکیو 1122 ہیٹ سٹروک اور پانی کی کمی سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے الرٹ رہیں۔ گرمی کی شدت میں اضافے سے شمالی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار بھی بڑھ سکتی ہے ۔