آفریدی کے وفاق سے مذاکرات ،فضل الرحمن سے ملاقات
نیشنل اکنامک کونسل اجلاس میں شرکت مشکل:وزیراعلیٰ کا احسن اقبال کو جواب پنجاب سے گندم کی ترسیل پر پابندی آئین کی خلاف ورزی ہے :فضل الرحمن
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں حکومتی مذاکراتی ٹیم نے ملاقات کی ،اس موقع پر این ای سی اجلاس اور صوبے کے حقوق سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، سہیل آفریدی نے کہا خیبرپختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک جاری رہا تو نیشنل اکنامک کونسل کے اجلاس میں شرکت مشکل ہوگی، بجٹ سے متعلق اہم فیصلوں کیلئے عمران خان سے مشاورت اور منظوری ناگزیر ہے ،تمام سیاسی جماعتیں اہم قومی اور سیاسی فیصلوں سے قبل اپنی قیادت سے مشاورت کرتی ہیں، خیبرپختونخوا حکومت بھی اسی جمہوری اور سیاسی روایت پر عمل پیرا ہے ، انہوں نے حکومتی ٹیم کو عمران خان سے فوری ملاقات کے انتظامات کی ضرورت سے آگاہ کیا۔
مذاکراتی ٹیم نے خیبرپختونخوا حکومت کے تحفظات، مطالبات اور تجاویز وزیراعظم اور دیگر متعلقہ فورمز کے سامنے اٹھانے اور ان کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔دریں اثنا پشاور میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی ،اس موقع پر سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو این ایف سی میں ضم اضلاع کا حصہ نہیں مل رہا ،فضل الرحمن نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ سمیت بہت سے نکات پر اتفاق ہوا ہے ، صوبائی خودمختاری پرمتفق ہیں، ہرصوبے کے عوام وسائل کے مالک ہیں، پنجاب سے گندم کی ترسیل پر پابندی آئین کی خلاف ورزی ہے ، اب تو پاک افغان سرحد بھی بند ہے ، پھر بھی ہمارے صوبے کے عوام پر پنجاب نے گندم بندکی ہے۔