گورنر پختونخوا ، نیٹلی بیکر ملاقات سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے گورنر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان خیبرپختونخوا میں ترقیاتی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں خیبرپختونخوا میں معدنیات، سیاحت، توانائی، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا قیمتی اور نایاب معدنی وسائل سے مالامال ہے جس میں وسیع سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں کو خیبرپختونخوا کے معدنیات، سیاحت، توانائی اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔گورنر نے پشاور میں امریکی قونصل خانے کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ تجارت کے حجم میں اضافے کے لیے دونوں ممالک کے تجارتی وفود کے تبادلے ضروری ہیں۔
امریکی ناظم الامور نے خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو جدید تربیت اور ہنر کی فراہمی میں دلچسپی کا اظہار کیا اور گلگت بلتستان انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر گورنر خیبرپختونخوا کو مبارکباد دی۔ گورنر نے نیٹلی بیکر کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔ علاوہ ازیں گورنر فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا، دونوں رہنماؤں نے ادارہ جاتی تعاون اور ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔