این ایف سی : 3 صوبے وفاق کو اضافی شیئر دینے پر تیار: سینیٹ اسمبلی اجلاس آج طلب ، بجٹ 12 جون کو متوقع
وفاق کو پنجاب سے 620ارب ، سندھ 310ارب ،بلوچستان سے 85ارب سے زائد ملنے کا امکان ، تکنیکی کمیٹی اور پیپلز پارٹی میں مذاکرات، پختونخوانے شیئرکوبانی سے ملاقات سے مشروط کردیا صوبے 1200ارب روپے گرانٹس فراہم کرینگے جو ایک مرتبہ کیلئے ہو گی،وفاق آئندہ چند سال میں یہ رقم صوبوں کو واپس کرے گا ، محاصل تقسیم کیلئے این ایف سی فارمولے میں تبدیلی نہیں ہوگی
اسلام آباد(مدثرعلی رانا) آئندہ مالی سال 2026-27 کیلئے وفاق صوبوں کا این ایف سی شیئر سٹریٹجک اخراجات پورے کرنے کیلئے استعمال کر سکے گا۔ حکومت اور بڑے صوبوں کے درمیان بات طے ہو گئی۔ باوثوق ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ پنجاب اور سندھ آئندہ مالی سال کیلئے رواں مالی سال سے اضافی این ایف سی شیئرز وفاق کو دینے پر رضامند ہو گئے جبکہ خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر این ایف سی کا اضافی شیئر وفاق کو نہیں دیں گے ۔ خبر فائل کرنے تک وفاق اور خیبرپختونخوا کے درمیان کوئی پیشرفت نہ ہو سکی تھی۔ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت تکنیکی کمیٹی اور پیپلز پارٹی کے درمیان مذاکرات ہوئے اور وفاق کو آئندہ مالی سال کے ٹیکس ہدف کی اضافی رقم فراہم کی جائے گی۔ قومی محاصل کی تقسیم کے لیے این ایف سی کے فارمولے میں تبدیلی نہیں ہوگی۔ وفاق رواں مالی سال کے ٹیکس ہدف کے مطابق آئندہ مالی سال صوبوں کو محاصل دے گا جبکہ صوبے گرانٹس کیلئے وفاق کو اضافی محاصل فراہم کریں گے ۔رواں مالی سال کا ٹیکس ہدف 13005 ارب اور آئندہ مالی سال کا ٹیکس ہدف 15264 ارب روپے ہوگا، یوں آئندہ مالی سال کیلئے ٹیکس ہدف میں 2259 ارب روپے کا اضافہ ہوگا۔
صوبے وفاق کو 1200 ارب روپے سے زائد کی رقم گرانٹس کی مد میں فراہم کریں گے ، جو کہ ایک مرتبہ کیلئے ہوگی اور وفاق آئندہ چند سال میں یہ رقم صوبوں کو واپس کرے گا۔ذرائع کے مطابق وفاق کو آئندہ مالی سال میں پنجاب سے 620 ارب روپے ، سندھ سے 310 ارب روپے اور بلوچستان سے 85 ارب روپے سے زائد کی رقم ملنے کا امکان ہے ۔ اگر وفاق اور خیبرپختونخوا کے درمیان پیشرفت ہوتی ہے تو آئندہ بجٹ میں خیبرپختونخوا کے 180 ارب روپے وفاق کو دئیے جا سکتے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ وفاق کے پاس مالیاتی گنجائش موجود نہ ہونے کی وجہ سے سٹریٹجک اخراجات پورے کرنے کیلئے صوبوں کے شیئرز پر بات چیت ہوئی ہے ۔ تقریباً 1200 ارب روپے وفاق این ایف سی ایوارڈ کے شیئرز میں صوبوں کا حصہ آئندہ مالی سال کے دوران کم کرنا چاہتا ہے ۔ رواں مالی سال کیلئے این ایف سی ایوارڈ کے تحت 8206 ارب روپے مختص ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاق کا مطالبہ ہے کہ صوبے آئندہ مالی سال بھی 8200 ارب روپے کے لگ بھگ این ایف سی شیئر حاصل کریں جبکہ ریونیو آمدن کے مطابق آئندہ مالی سال کیلئے اضافی این ایف سی شیئرز کو وفاق مالیاتی ضروریات پورا کرنے کیلئے استعمال کرے۔
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،اپنے رپورٹرسے ) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 5 بجے اور سینیٹ کا شام 4 بجے طلب کرنے کی منظوری دے دی جبکہ وفاقی بجٹ 12 جون کو پیش کئے جانے کا امکان ہے ۔ دونوں اجلاس طلب کرنے کی سمری صدر مملکت کو بھجوا ئی گئی تھی ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا کہ بجٹ 12 جون کو پیش کئے جانے کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق بجٹ منظوری کے تمام مراحل ایک ہفتے میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، بجٹ پر بحث مختصر رکھی جائے گی۔