پاکستان کی آبادی 25کروڑ 20لاکھ سے تجاوز کر گئی

پاکستان کی آبادی 25کروڑ 20لاکھ سے تجاوز کر گئی

مرد 12 کروڑ 96 لاکھ 40 ہزار ،خواتین 12 کروڑ 24 لاکھ 50 ہزار

 اسلام آباد(سیدقیصرشاہ ،ذیشان یوسفزئی) نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پاپولیشن سٹڈیز، ٹریننگ اینڈ ریسرچ کے مطابق سال 2025 میں پاکستان کی آبادی 25 کروڑ 20 لاکھ 9 ہزار (252.09 ملین) تک پہنچ گئی جبکہ آبادی میں سالانہ اضافہ کی شرح 2.07 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے ۔ ملک کی مجموعی لیبر فورس 8 کروڑ 31 لاکھ 40 ہزار (83.14 ملین) افراد پر مشتمل ہے جن میں سے 7 کروڑ 72 لاکھ افراد برسرِ روزگار جبکہ 59 لاکھ افراد بے روزگار ہیں۔ ملک میں مردوں کی تعداد 12 کروڑ 96 لاکھ 40 ہزار (129.64 ملین) اور خواتین کی تعداد 12 کروڑ 24 لاکھ 50 ہزار (122.45 ملین) ہے ۔ صوبہ پنجاب 13 کروڑ 33 لاکھ 60 ہزار (133.36 ملین) آبادی کے ساتھ سب سے بڑا صوبہ ہے جبکہ سندھ کی آبادی 5 کروڑ 82 لاکھ 70 ہزار، خیبرپختونخوا کی 4 کروڑ 26 لاکھ 80 ہزار اور بلوچستان کی 1 کروڑ 52 لاکھ 20 ہزار ہے ۔

اکنامک سروے کے مطابق پاکستان کی آبادی 2023 میں 24 کروڑ 15 لاکھ تھی، پاکستان کی آبادی کا ایک تہائی حصہ 14 سال تک کی عمر کے افراد پر مشتمل ہے ۔ چودہ سال تک کے بچے 39.47 فیصد ہیں۔ پندرہ سے 29 سال تک کے افراد کی تعداد 6 کروڑ 69 لاکھ سے زائد ہے جو کہ آبادی کا 26.56 فیصد بنتی ہے ۔ مجموعی طور پر پاکستان میں 66.03 فیصد نوجوان ہیں جو کہ 30 سال سے کم عمر کے ہیں، نوجوان افراد کی اس آبادی کے لیے تعلیم میں سرمایہ کاری، سکلز ڈویلپمنٹ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے ، لیبر فورس سروے کے مطابق ورکنگ ایج پاپولیشن 15 کروڑ 98 لاکھ سے بڑھ کر 17 کروڑ 96 لاکھ ہو گئی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان میں ورکنگ فورس میں اضافہ ہواہے ۔ اکنامک سروے میں بتایا گیا ہے کہ اس ورکنگ فورس میں 59 لاکھ افراد بے روزگار ہیں، بے روزگاری کی شرح 6.3 فیصد سے بڑھ کر 7.1 فیصد پر پہنچ گئی ہے ، پہلے بے روزگار افراد کی تعداد 45 لاکھ تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں