پاکستان میں سمارٹ فونز استعمال کرنیوالوں کی شرح 71.6 فیصد

 پاکستان میں سمارٹ فونز استعمال کرنیوالوں کی شرح 71.6 فیصد

موبائل، فکسڈ فون صارفین کی تعداد 20کروڑ 72لاکھ 20ہزار تک پہنچ گئی روایتی فونز صرف28فیصد ،موبائل کنکشن کا تناسب 81سے بڑھ کر 82.6فیصد ہو گیا

اسلام آباد (حریم جدون)ملک میں سمارٹ فون استعمال کرنے والوں کی شرح 71 فیصد سے بڑھ کر 71.6فیصد تک پہنچ گئی ہے ۔ اقتصادی سروے کے مطابق گزشتہ برس کے مقابلے میں سمارٹ فون کے استعمال میں 0.6 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ روایتی ٹو جی صارفین کی تعداد کم ہو کر 28 فیصد رہ گئی ہے ۔سروے کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں موبائل اورفکسڈ فون صارفین کی مجموعی تعداد 20 کروڑ 72 لاکھ 20 ہزار تک پہنچ چکی ہے ، اسی طرح مجموعی موبائل کنکشن کا تناسب بھی بڑھ کر 82.6 فیصد ہو گیا ہے جو گزشتہ سال 81 فیصد تھا، براڈ بینڈ صارفین کی تعداد 16 کروڑ 10 لاکھ تک پہنچ گئی ہے ۔

دوسری جانب موبائل فون مینوفیکچرنگ کے شعبے میں بھی نمایاں ترقی دیکھنے میں آئی ہے اور مارچ 2026 تک 16 کروڑ 16 لاکھ موبائل فون مقامی سطح پر تیار کیے جا چکے ہیں۔اقتصادی سروے کے مطابق پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں انٹرنیٹ ڈیٹا کی قیمت سب سے کم ہے جس سے عوام کی بڑی تعداد کو ڈیجیٹل سہولیات تک رسائی حاصل ہوئی ہے ، ملک میں انٹرنیٹ ڈیٹا کے مجموعی استعمال کا حجم 30 ہزار 783 پیٹا بائٹس تک پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جو ڈیجیٹل سرگرمیوں میں مسلسل اضافے کی عکاسی کرتا ہے ۔ماہرین کے مطابق سمارٹ فون، براڈ بینڈ اور مقامی موبائل فون مینوفیکچرنگ میں اضافہ نہ صرف ڈیجیٹل پاکستان وژن کی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے بلکہ ای کامرس، آن لائن تعلیم، ڈیجیٹل بینکنگ اور آئی ٹی صنعت کی ترقی کے لیے بھی مثبت اشارہ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں