فوجی ہیلی کاپٹرحادثے کے شہدا کی نماز جنازہ ادا
شہباز شریف، فیلڈمارشل، نائب وزیراعظم، وفاقی وزرا ودیگر کی شرکت دو مسیحی اہلکار وں کی بھی آخری رسومات، آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا جائیگا
راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان آرمی ایوی ایشن کے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہید ہونے والے افسران اور جوانوں کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کردی گئی۔پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس موقع پر اعلیٰ سول و عسکری قیادت سمیت بڑی تعداد میں افراد شریک ہوئے ، جن میں وزیرِاعظم شہباز شریف،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، نائب وزیرِاعظم ، وزیرِ دفاع، وزیرِ اطلاعات، سینئر سول و فوجی حکام، شہدا کے اہلِ خانہ اور معاشرے کے مختلف طبقات شامل تھے ۔اس موقع پر دو مسیحی شہدا کی آخری رسومات بھی راولپنڈی کے کرائسٹ چرچ میں ادا کی گئیں، جن میں سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی۔وزیرِاعظم نے اس موقع پر کہا کہ شہدا کی فرض شناسی، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن کے دفاع کیلئے خدمات آنے والی نسلوں کیلئے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیاں ملک کے امن، سلامتی اور خودمختاری کے لیے ناقابلِ فراموش ہیں، حکومت شہدا کے اہلِ خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتی ہے ۔شہدا کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔