صوبے این ایف سی شیئرکی اضافی رقم 3 برس تک دینے پرمتفق
صوبائی ترقیاتی فنڈز میں کٹوتی ہو گی،وفاق کوساڑھے 3 ہزارارب ملیں گے ،ذرائع
اسلام آباد(مدثرعلی رانا)صوبے آئندہ تین برسوں کیلئے این ایف سی شیئر کی اضافی رقم وفاقی اخراجات کیلئے فراہم کریں گے ،باؤثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان تین برسوں کیلئے اضافی رقم کی فراہمی پر اتفاق ہوا ہے ، ذرائع وزارت خزانہ کیمطابق 2026سے 2028 تک صوبوں کو سالانہ 82 سو ارب روپے کے لگ بھگ شیئرز مل سکے گا، آئندہ وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اور ٹیکس ریلیف ملے گا، دفاع کیلئے 3 ہزار ارب روپے کے لگ بھگ بجٹ ملے گا، ذرائع وزارت خزانہ کیمطابق صوبے وفاق کو آئندہ تین برسوں کے دوران مجموعی طور پر ساڑھے 3 ہزار ارب کے لگ بھگ رقم دیں گے ، 82 سو روپے کے علاوہ ایف بی آر ٹیکس کلیکشن کی اضافی رقم وفاق اپنے پاس رکھے گا، وفاق کو یہ رقم سٹرٹیجک اخراجات پورے کرنے کیلئے تین برسوں تک استعمال کرنے کا اختیار ہو گا،اضافی رقم کی فراہمی سے سالانہ بنیادوں پر صوبائی ڈویلپمنٹ فنڈز میں کٹوتی ہو گی، ذرائع سے معلوم ہوا کہ بڑے صوبوں کا زیادہ شیئرز وفاق کو مل سکے گا، آئندہ مالی سال صوبوں سے اضافی رقم بطور گرانٹ ملنے کی وجہ سے وفاقی بجٹ کے حجم میں بھی اضافہ ہوا ہے ، وفاقی بجٹ میں ایف بی آر کا ٹیکس ہدف 15 ہزار 264 ارب مقرر کرنے کی تجویز ہے ، وفاق کو نئے مالی سال میں 2 سو 20 ارب روپے کے نئے ٹیکسز لگانا ہونگے ۔ نان ٹیکس ریونیو کی مد میں 2768 ارب روپے جمع ہونے کا تخمینہ عوام سے پٹرولیم سرچارج کی مد میں 1727 ارب وصولی کا پلان ہے ،آئندہ مالی سال میں حکومت کی جانب سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے 72 ارب روپے ونڈ فال منافع واپس لینے کیلئے اقدامات ہونگے ، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے ونڈ فال گین ٹیکس وصول کیا جائے گا۔