خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش:محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ کا پشاور میں پولیس ہیڈکوارٹرزکادورہ ،یادگارشہدا پرحاضری دی نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیرتربیت اے ایس پیز سے ملاقات ،زیرتعمیرہاسٹل کا معائنہ
اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پشاور میں خیبرپختونخوا پولیس ہیڈ کوارٹر زکا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔وزیر داخلہ نے پولیس شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے اور ان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔دورے کے دوران انہوں نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ڈرونز، اسلحہ، نائٹ وژن گنز اور دیگر آلات کا معائنہ کیا۔ وزیر داخلہ کی زیر صدارت پولیس ہیڈکوارٹرز میں خصوصی اجلاس بھی منعقد ہوا ،جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی استعداد کار بڑھانے کے لیے وفاق اور صوبائی حکومت مشترکہ طور پر وسائل فراہم کر رہے ہیں اور یہ عمل آئندہ بھی جاری رہے گا۔ سی ٹی ڈی اور پولیس کو انسداد دہشتگردی کی جدید تربیت میں وفاقی حکومت مکمل معاونت فراہم کرے گی۔
انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے پولیس بجٹ میں اضافے کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔بعد ازاں وزیر داخلہ نے اسلام آٓباد میں نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زیرِ تربیت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (اے ایس پیز)سے ملاقات کی اور پیشہ ورانہ و تربیتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ زیرِ تربیت افسران کو جدید ٹیکنالوجی اور سمارٹ پولیسنگ کو اپنانا ہوگا، جبکہ عوام کے ساتھ حسن سلوک اور فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ان کی اولین ذمہ داری ہے ۔ وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ ایلیٹ ٹریننگ کے پہلے بیچ کا جلد آغاز کیا جائے گا جبکہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں تربیتی اور رہائشی سہولیات کو عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے زیر تعمیر ہاسٹل کا معائنہ بھی کیا اور ماڈل روم میں ضروری تبدیلیوں کی ہدایت دیتے ہوئے منصوبے کو جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔