امریکا ایران معاہدہ ، کریڈٹ صرف فیلڈ مارشل کا :واوڈا

امریکا ایران معاہدہ ، کریڈٹ صرف فیلڈ مارشل کا :واوڈا

سیدعاصم منیر رابطے ، دورے کررہے تھے ،معاہدے کا ڈرافٹ بھی خود تیارکیا کریڈٹ ان کا ہے کیونکہ وہ نیب زدہ ہیں نہ مفرور ، اشتہاری ہیں نہ بددیانت گھوڑا بھی آپ کا،میدان بھی ،ہر ریس میں اکیلے ، یہ پھر بھی ہار جائیں تو میرا کیا قصور ایک وزیراعلیٰ وزیراعظم بننا چاہتی ،ایک اوربندہ وزیر اعلیٰ کوہٹا کر خود کو پیش کر رہا ان سب کے سکینڈلز آئینگے ،یہ کرپشن سکینڈلز،ویڈیوز کا سال :دنیا مہربخاری کیساتھ میں گفتگو

 لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ایران امریکا معاہدہ پاکستان کیلئے بہت بڑا دن ہے ،پاکستان نے بہت بڑا معرکہ مارا ہے ،اس سے متعلق میں نے میڈٖیا کوپہلے ہی بتا دیا تھا، امن کے اس پورے عمل میں اللہ نے فیلڈمارشل کووسیلہ بنایا۔دنیا نیوز کے پروگرام’’دنیا مہربخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیلڈمارشل فون پر رابطے کررہے تھے ، دورے کررہے تھے ،اس معاہدے کا سارا کریڈٹ فیلڈمارشل کو جاتا ہے ،انہوں نے معاہدے کا ڈرافٹ اپنے ہاتھوں سے لیپ ٹاپ پر تیار کیا،مزید کہا ہم نے  فیلڈمارشل کی سربراہی میں صرف بھارت کوہی شکست نہیں دی، خطے اوردنیا میں قیام امن کے لیے بھی فیلڈمارشل سید عاصم منیرکاکردارانتہائی اہم ہے ، معاہدے میں فیلڈمارشل کے سوا 5 فیصد کسی کا کردار نہیں،ان کا بڑا دل ہے وہ کسی کو بھی کریڈٹ دے دیں،فیلڈمارشل کا کریڈٹ کیوں ہے ، میں بتاتا ہوں، وہ نہ نیب زدہ ہیں۔

نہ وہ مفرور ،نہ اشتہاری ، نہ بددیانت ، نہ چور ،وہ منتیں ،ترلے کرنے وا لے نہیں ، نہ ان کی اولاد گھپلوں میں پائی گئی ہے ،نہ وہ بھگوڑے۔ ایک سوال کے جوا ب میں فیصل واوڈا نے کہا جو لوگ وزیر خزانہ اورنگزیب کے خلاف ولاگ بنائیں گے میں ان کو روکو ں گا ،وزیر خزانہ اورنگزیب نے ان حالات میں ایک اچھا بجٹ بنایا ہے ،ہم ان کو سراہتے ہیں،سپورٹ کرتے ہیں ،ایک اور سوال پر کہا ہے کہ میں وزیراعظم کو نہیں جانتا، مجھے اس بارے میں نہیں پتہ، مجھے صرف یہ پتہ ہے کہ بیوروکریٹس کو وزیر بنا کر حکومت چلائی جا رہی ہے ،وزارتوں میں اربوں روپے کی کرپشن کے بازار مافیا کے ذریعے کھول رہے ہیں،وفاقی حکومت ہوتے ہوئے الیکشن ہوئے ،گھوڑا بھی آپ کا،میدان بھی آپ کا،گدھا بھی آپکا،گھاس بھی ،مٹی بھی آپ کی، کوچ بھی آپ کا، سگنل فری، ڈنڈا فری، سپیڈبریکر فری آپ پھر بھی ہار جائیں، آپ ہر ریس میں اکیلے کھڑے ہوں اور پھر بھی ہار جائیں تو میرا قصور ہے۔

ایک صوبے کی وزیراعلیٰ وزیراعظم بننا چاہتی ہیں ،ایک صوبے کے پرانے وزیراعلیٰ کو ہٹا کر ایک اور بندہ اپنے آپ کو پیش کر رہا ہے ، ان سب کی کرپشن کے سکینڈلز آنے ہیں، ان کے ذاتی سکینڈلز بھی آنے ہیں اور انٹرنیشنل سکینڈلز بھی آنے ہیں،مزید کہا کچھ لوگ اپنے آپ کو تگڑا بھی سمجھتے ہیں،وہ تگڑے بھی مارے جائیں گے اس چکرمیں،یہ سال سکینڈلز،کرپشن کی داستانوں کا سال ہے ،ویڈیوز کا سال ہے ،فرانزک ویڈیو کا سال ہے ، آپ مجھے بتائیں کیا ایسی جمہوریت ہو تی ہے ،یہی ساری شکلیں پچھلے 40 سال سے ہیں تو پاکستان اب تک یہاں کیوں نہیں پہنچا؟۔اگرمیں کسی کو کریڈٹ دے رہا ہوں اگر وہ فوج کا کریڈٹ بنتا ہے ، وہ پاکستان کی فتح ہے ، وہ تمام پاکستانیوں کی فتح ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں