حکومت کو کشمیر پالیسی پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت :گورنر پنجاب
پیپلزپارٹی عام انتخابات میں پنجاب میں بھی بڑا اپ سیٹ کریگی:سردار سلیم حیدر چاردیواری کے اندر مجالس پر پابندی سمجھ سے بالاتر :گفتگو، تقریب سے خطاب
لاہور (سپیشل رپورٹر )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ کشمیر کے حالات پر دل کڑھتا ہے ،حکومت کو کشمیر پالیسی پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے ،مذاکرات سے معاملے کا بہتر حل تلاش کیا جا سکتا ہے ، جس طرح پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان میں اکثریتی نشستیں حاصل کر کے سب کو حیران کر دیا ، اسی طرح آئندہ عام انتخابات میں پنجاب میں بھی پارٹی بڑا اپ سیٹ کرے گی ،محرم الحرام حساس مہینہ،دشمن کے لئے فساد پھیلانا آسان ہوتا ہے ، چاردیواری کے اندر مجالس پر پابندی سمجھ سے بالاتر ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دوبارہ تعمیر ہونے والی مسجد حسینیہ و دربار حسین امام بارگاہ کے افتتاح کے موقع پر گفتگو،پی پی پی لاہور آفس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران ڈاکٹر اصغر مسعودی بھی موجود تھے۔
گورنر پنجاب نے افتتاح تقریب میں مزید کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں میں سنی شیعہ اکٹھے شریک ہوتے ہیں ، عزاداروں پر پابندیاں نہیں ہونی چاہئیں ،صوبائی وزیر اور آئی جی پنجاب سے محرم الحرام کے حوالے سے بات کروں گا ،میں نے حکومت کو بھی لکھا ہے کہ عزاداری کے حوالے سے سختی نہیں ہونی چاہیے ۔سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں اگر نتائج نہ روکے جاتے تو پیپلز پارٹی کی 14 سے زیادہ نشستیں ہوتیں، عوام نے پیپلز پارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ،بلاول پاکستان کے آئندہ وزیراعظم بنیں گے ۔ مزید برآں پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے زیر اہتمام سابق وزیراعظم بے نظیر شہید کی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب میں قائم مقام صدر میاں شاہد عباس، ڈاکٹر عائشہ شوکت، عامر نصیر بٹ، خرم فاروق، مقصومہ بخاری، آغا تقی شاہ اور احمد گھمن بھی موجود تھے۔