ایران امریکا کی مفاہمتی یادداشت پائیدار امن لائیگی:زرداری
مشکل دور میں مکالمے اور سفارت کاری کی حمایت پر پاکستان کو فخر:صدر مملکت شہبازشریف کی تحسین،فیلڈمارشل کی ثابت قدم حمایت کو سراہتا ہوں:بلاول
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت حتمی معاہدے کی راہ ہموار کریگی اور خطے میں پائیدار امن کی بنیاد رکھے گی، پاکستان کو فخر ہے کہ اس نے اس مشکل دور میں مکالمے اور سفارت کاری کی حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ یہ پیشرفت کثیرالجہتی تعاون مضبوط بنانے اور بات چیت سے تنازعات کے پُرامن حل کو فروغ دینے کی طرف اہم قدم ہے ۔آصف زرداری کا کہنا تھا دعاگو ہوں کہ یہ کوششیں خطے اور دنیا میں مزید امن، استحکام اور خوشحالی کا سبب بنیں۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے بھی امریکا ایران امن معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ امن معاہدہ کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے ذریعے امن کی طرف اہم قدم ہے ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ امن عمل کو آگے بڑھانے میں وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، علاقائی استحکام کیلئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ثابت قدم حمایت کو سراہتا ہوں۔