عمران کی وجہ سے ملکی تنا ؤ ہے تو اسے باہر نکالیں،فضل الرحمن
نواز شریف اور بے نظیر کے درمیان تنا ؤ نہیں رہا؟کیا انکے درمیان صلح نہیں ہوئی؟ ان کیمرہ اجلاس بلائیں ،ضمانت دیتا ہوں پی ٹی آئی ہنگامہ نہیں کریگی:اسمبلی میں خطاب
اسلام آباد(نامہ نگار، سٹاف رپورٹر، اپنے رپورٹر سے ،آئی این پی )جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وزیر اعظم نے میثاق جمہوریت کی بات کی ہے تو آئیں آگے بڑھیں، آج پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان جو کشیدگی نظر آرہی ہے وہ ماضی میں کبھی نہیں تھی،عمران خان کو باہر آنے دیں،اگر آج ایک شخص کی وجہ سے ملکی تنا ؤ ہے تو اسے باہر نکالیں ۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہناتھا کہ نواز شریف اور بے نظیر کے درمیان کیا تنا ؤ نہیں رہا ہے ،کیا ان کے درمیان صلح نہیں ہوئی، ان کاکہناتھا کہ محمود خان اچکزئی ہمارے اپوزیشن لیڈر ہے ،اچکزئی نے مجھ سے ووٹ نہیں مانگا۔سربراہ جے یو آئی کاکہناتھا کہ میثاق جمہوریت پر دستخط بے نظیر اور نواز شریف نے کئے تھے ،میثاق جمہوریت میں طے نہیں ہوا تھا کہ ایک دوسرے کی حکومتیں نہیں گرائیں گے ،میں آج بھی کہتا ہوں کہ عمران خان کو باہر آنے دیں،اگر آج ایک شخص کی وجہ سے ملکی تنا ہے تو اسے باہر نکالیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ مجھے کہا جاتا ہے کہ آپ تو عمران خان کے خلاف تھے اب اسکی رہائی کے مطالبات کررہے ہیں،میں کہتا ہوں کہ مخالف جیل میں ہاتھ پاؤ ں بندھا پڑا ہو اور میں اس کے خلاف بات کروں۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے میثاق جمہوریت کی بات کی ہے تو آئیں آگے بڑھیں،آپ ان کیمرہ اجلاس بلائیں اگر آپ کو خدشہ ہے کہ پی ٹی آئی والے ہنگامہ کریں گے ،میں پی ٹی آئی والوں کی ضمانت دیتا ہوں وہ کچھ نہیں کریں گے ،انہوں نے کہاکہ اگر میں اور پی ٹی آئی اتنی مخالفت کے باوجود بہتری کی طرف سفر کرسکتے ہیں تو آپ بھی اپنے ہمسایہ کے ساتھ بات چیت کی طرف بڑھیں۔ بعد ازا ں قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔