فیلڈ مارشل سے گھانا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف کی ملاقات : دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

فیلڈ مارشل سے گھانا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف کی ملاقات : دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

مشترکہ تربیت، انسدادِ دہشت گردی اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں بھی تعاون وسیع کرنے کا عزم گھانا کے نیشنل سکیورٹی کوآرڈینیٹر عبدالرزاق عثمان کی بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان سے ملاقاتیں

راولپنڈی (دنیا نیوز)جمہوریہ گھانا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف لیفٹیننٹ جنرل ولیم اگیاپونگ نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،جبکہ دونوں ممالک نے فوجی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے ، مشترکہ تربیت، انسدادِ دہشت گردی اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر گھانا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور علاقائی امن و استحکام کیلئے ان کے کردار کو سراہا۔دریں اثنا گھانا کے نیشنل سکیورٹی کوآرڈینیٹر عبدالرزاق عثمان نے نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔بعد ازاں انہوں نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر گھانا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف لیفٹیننٹ جنرل ولیم اگیاپونگ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ دونوں جانب سے دفاعی روابط، پیشہ ورانہ تعاون اور باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں