فیلڈ مارشل سے گھانا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف کی ملاقات، عسکری تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی: (دنیا نیوز) جمہوریہ گھانا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف لیفٹیننٹ جنرل ولیم اگیاپونگ نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک نے فوجی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، مشترکہ تربیت، انسدادِ دہشت گردی اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر گھانا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کے کردار کو سراہا۔

دریں اثنا، گھانا کے نیشنل سکیورٹی کوآرڈینیٹر عبدالرزاق عثمان نے نیول ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔

بعد ازاں انہوں نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقات کی جبکہ گھانا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ولیم اگیاپونگ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں