روس اور یوکرین کے درمیان فوجیوں کی لاشوں کا تبادلہ، 522 لاشیں یوکرین کے حوالے

ماسکو: (شاہد گھمن) روس اور یوکرین کے درمیان جنگ میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی لاشوں کا ایک اور تبادلہ عمل میں آیا ہے، جس کے تحت روس نے 522 یوکرینی فوجیوں کی لاشیں یوکرین کے حوالے کیں، جبکہ روس کو اپنے 33 فوجیوں کی لاشیں واپس موصول ہوئیں۔

یہ اطلاع روسی سرکاری نشریاتی ادارے کے جنگی نامہ نگار اور روس کے ہیرو ییوگینی پودوبنی نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر دی، ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ہلاک شدہ فوجیوں کی باقیات کے تبادلے کا عمل انسانی بنیادوں پر جاری رابطوں کا حصہ ہے۔

ییوگینی پودوبنی نے بتایا کہ حالیہ تبادلے کے دوران مجموعی طور پر 522 لاشیں یوکرینی حکام کے حوالے کی گئیں، جبکہ روس نے اپنے 33 فوجیوں کی لاشیں وصول کیں تاکہ انہیں ان کے آبائی علاقوں میں سپردِ خاک کیا جا سکے۔

روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے باوجود قیدیوں اور ہلاک شدگان کی لاشوں کے تبادلوں کے لیے وقتاً فوقتاً رابطے برقرار رہتے ہیں، ایسے تبادلے عموماً انسانی ہمدردی کے اصولوں کے تحت انجام دیے جاتے ہیں اور ان میں بین الاقوامی ثالثی یا خصوصی رابطہ کاری کا کردار بھی شامل ہو سکتا ہے۔

تاحال یوکرینی حکام کی جانب سے اس مخصوص تبادلے کے حوالے سے کوئی تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا، تاہم دونوں ممالک ماضی میں بھی متعدد بار ہلاک فوجیوں کی لاشوں اور جنگی قیدیوں کا تبادلہ کر چکے ہیں۔

جاری جنگ کے تناظر میں لاشوں کے تبادلے کو انسانی اور اخلاقی ذمہ داری قرار دیا جاتا ہے، جس کے ذریعے ہلاک ہونے والے فوجیوں کے اہلِ خانہ کو اپنے پیاروں کی تدفین کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں