آزادی اظہار کے نام پر نفرت پھیلانے والوں کا محاسبہ ناگزیر : مریم نواز
سوشل میڈیا پر بڑھتے ہوئے نفرت انگیز مواد،انتہاپسندی کے رجحانات کوروکیں،نوجوانوں سے اپیل محرم کیلئے جامع سکیورٹی پلان بنانیکا حکم ،ترکیہ کی خاتون اول امینہ اردوان کا مریم نواز کیلئے خصوصی خط
لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نفرت انگیز تقاریر کے انسداد کے عالمی دن کے موقع پر تعصب، اشتعال انگیزی اور نفرت کے خاتمے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر بڑھتے ہوئے نفرت انگیز مواد، غلط معلومات اور انتہاپسندی کے رجحانات کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کریں، اسلاموفوبیا نفرت انگیز رویوں کی خطرناک ترین شکلوں میں سے ایک ہے اور آزادیِ اظہار کے نام پر نفرت پھیلانے والوں کا محاسبہ ناگزیر ہے ۔مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ معاشرے سے نفرت، تعصب اور تنگ نظری کے خاتمے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
ماہِ محرم الحرام میں نفرت انگیز تقاریر کے بجائے امن، محبت اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کیا جانا چا ہئے ، سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے نفرت انگیز مواد کی تیز رفتار ترسیل آج کے دور کا ایک بڑا چیلنج ہے ۔انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر انسانی حقوق کیلئے سنگین خطرہ ہیں اور یہ تشدد، انتشار اور سماجی تقسیم کا باعث بنتی ہیں،نفرت انگیز بیانیوں کو مسترد کرکے معاشرے میں برداشت، امن اور باہمی احترام کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ دریں اثناوزیراعلیٰ نے عاشورۂ محرم الحرام کے موقع پر بہترین انتظامات اور سخت سکیورٹی اقدامات کی ہدایت جاری کرتے ہوئے صوبے بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دینے کا حکم دیا۔ انہوں نے شدید گرمی کے پیش نظر ٹھنڈے پانی اور مشروبات کی سبیلوں کے خصوصی انتظامات کی ہدایت بھی کی۔
مریم نواز نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر پانی کے چھڑکاؤ کو یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122، فیلڈ ہسپتالوں اور کلینکس آن ویلز کی 24 گھنٹے دستیابی یقینی بنائی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،محرم الحرام کے دوران صوبے بھر میں ایک لاکھ 24 ہزار سے زائد پولیس اہلکار جبکہ رینجرز کے 15 ہزار جوان سکیورٹی فرائض انجام دیں گے ۔ادھر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی اہلیہ امینہ اردوان نے خط کے ذریعے مریم نواز کی خیریت دریافت کی۔ اپنے خط میں انہوں نے لکھا کہ علالت اور سرجری کی خبر سن کر تشویش ہوئی۔ انہوں نے علاج کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد اور مکمل صحت یاب کرے ۔ امینہ اردوان نے پاکستان کے عوام کیلئے بھی نیک تمناؤں اور خیرسگالی کا اظہار کیا۔