سرنڈر کرنے پر کالعدم ایکشن کمیٹی کا نوٹیفکیشن واپس لیا جاسکتا : مہاجرین کی نشستیں بندوق کے روز پر ختم نہیں ہوسکتیں، بلاول
مظاہرین صفوں سے انتہا پسند الگ کریں ، آزاد کشمیر کو مقبوضہ بنتا نہیں دیکھنا چاہتا،ایکشن کمیٹی معاملہ سیاسی انداز میں حل کرے مودی نیتن یاہو گٹھ جوڑ پاکستان کیخلاف ہے ،اگر پانی بند کیا گیا تو پاکستان جنگ کیلئے تیار ہے ، اسمبلی میں اظہار خیال
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ،نامہ نگار) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ پربحث کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی غیرمشروط طور پر سرنڈر کرتی ہے اور احتجاج ختم کرتی ہے تو کالعدم قرار دینے کا نوٹیفکیشن واپس لیا جا سکتا ہے۔ مہاجرین کی نشستیں بندوق کے زور پر ختم نہیں ہو سکتیں، آزاد کشمیر میں مسائل پیدا کیے جارہے ہیں ، اشیائے خورونوش کی قلت ہورہی ہے ۔جو کشمیری احتجاج کررہے ہیں اس صورتحال میں جو کچھ ہورہاہے وہ پاکستان کی ساکھ اورکشمیرکازکو بھی نقصان پہنچارہاہے ،قانون ہاتھ میں لینے والوں کو پولیس کے حوالے کیا جائے ، پولیس ایکشن لے ، ساتھ ہی پیغام دیا اس سے پہلے کہ ہمیں زبردستی کرنا پڑے قانون توڑنے والوں سے مظاہرین خود کو الگ کریں، احتجاج کرنے والے اپنی صفوں سے انتہا پسندوں کو الگ کریں۔
آزاد کشمیر کو آزاد دیکھنا چاہتا ہوں میں اسے مقبوضہ کشمیر بنتا نہیں دیکھنا چاہتا، اس معاملے کو ایک مرتبہ مکمل حل کرلینا چاہیے ، بار بار وہاں کے عوام کو یرغمال نہیں بننے دینا چاہیے ۔ اگر پاکستان کا پانی بند کیا گیا تو پاکستان جنگ کیلئے تیار ہے ، مودی نیتن یاہو گٹھ جوڑ پاکستان کے خلاف ہے ۔ انہوں نے کہا اسرائیلی اپنی چھٹیاں مقبوضہ کشمیر میں مناتے ہیں، ایران امریکا معاہدے ہونے پر بھی یہ گٹھ جوڑ ختم نہیں ہوگا، جہاں فالٹ لائن ہیں ان کو ختم کیا جائے ۔ بلاول نے کہا کہ وفاق کو معاشی مشکلات ہیں تو صوبوں کو بھی معاشی مشکلات ہیں،18ویں ترمیم کے باوجود کسی صوبے کو اپنا شیئر نہیں دیا گیا، حکومت کے ساتھ مل کر مختلف مسائل کا آئینی حل نکالا، صوبائی حکومتوں نے بار بار قربانی دی، آج بھی دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا نے بھی اپنے سیاسی مسائل کو ایک طرف رکھ کر فیصلہ کیا،کے پی حکومت نے فیصلہ کیا کہ قومی مفاد میں حصہ ڈالیں گے ، پی ٹی آئی کے فیصلے کو اس فلور پر ویلکم کرتا ہوں۔ پی ٹی آئی کے رضا علی گیلانی نے کہاکہ باہر غریب مر رہا ہے ، کسان ،مزدور مر رہا ہے اور یہ چاہتے ہیں کہ ہمیں دیکھو ہم نے کتنا خوبصورت بجٹ پیش کیا ہے ۔ پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر نے کہا کہ حکومت نے مشکل عالمی حالات کے باوجود ایسا بجٹ پیش کیا جو معاشی استحکام، عوامی ریلیف اور ترقی پر مبنی ہے ۔ شہریار خان آفرید ی نے کہاکہ پاگل کتے کی ویکسین سندھ میں نہیں ملتی ۔پنجاب میں ذاتی جہاز کے لیے پیسے ہیں بنیادی ضروریات کے لیے نہیں ۔پارلیمانی سیکرٹری دفاع راجہ اسامہ سرورنے کہا کہ افواجِ پاکستان اور ان کی قیادت نے ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنادیا ۔ پیپلزپارٹی کے نذیراحمد نے کہاکہ حالیہ تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ مہنگائی کے تناسب سے ناکافی ہے۔