ایشیائی ترقیاتی بینک : پاکستان کیلئے 70 کروڑ ڈالر قرض منظور

ایشیائی ترقیاتی بینک : پاکستان کیلئے 70 کروڑ ڈالر قرض منظور

انشورنس شعبے میں اصلاحات، کوریج میں اضافہ،مالیاتی تحفظ کو مضبوط بنایا جائیگا

  اسلام آباد (اے پی پی)ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)نے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی جس کا مقصد انشورنس شعبے میں اصلاحات، کوریج میں اضافہ اور مالیاتی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانا ہے ۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق اس پروگرام کا مقصد کسانوں، خواتین اور کم آمدن والے خاندانوں کو بہتر مالی تحفظ فراہم کرنا ہے ۔ پاکستان میں انشورنس کا حجم اس وقت مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے صرف 0.7 فیصد کے برابر ہے جبکہ نئی اصلاحات سے قدرتی آفات اور معاشی جھٹکوں سے نمٹنے کی صلاحیت میں بہتری آئے گی اور انشورنس مارکیٹ کو جدید، شفاف اور مسابقتی نظام میں تبدیل کیا جائے گا۔اے ڈی بی نے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے انشورنس خدمات کے فروغ پر زور دیتے ہوئے سیٹلائٹ ٹیکنالوجی اور جدید انشورنس ماڈلز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے علاوہ خواتین اور بچیوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی انشورنس مصنوعات بھی متعارف کرائی جائیں گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں