جوڈیشل کمیشن :ججز تقرری رولز میں ترامیم منظور ،کارکردگی قواعد پر غور موخر
چیف جسٹس کی زیرصدارت اجلاس،کمیٹی سفارشات پرججزکے انٹرویوزقواعد، آئینی بینچوں کیلئے نامزدگی کے معیار کی منظوری ججوں کی کارکردگی قواعدسے متعلق ہائی کورٹس کے چیفس اور کمیشن کے سینئر ترین ججوں سے 7دن میں تحریری تجاویز طلب
اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس چیف جسٹس آف پاکستان اور چیئرمین جوڈیشل کمیشن کی زیر صدارت سپریم کورٹ اسلام آباد میں ہوا، جس میں عدالتی تقرریوں اور عدالتی امور سے متعلق اہم ایجنڈا نکات پر غور کیا گیا۔اجلاس میں ججز کی تقرری کے لیے انٹرویوز کے قواعد، ہائی کورٹ کے ججوں کی عدالتی کارکردگی کے جائزے سے متعلق جوڈیشل کمیشن آف پاکستان رولز 2026، جوڈیشل کمیشن (ججز کی تقرری)رولز 2024 میں ترامیم، آئینی بینچوں کے لیے ججوں کی نامزدگی کے معیار اور بلوچستان بار کونسل کی جانب سے کمیشن میں صوبائی بار کونسل کے نامزد رکن کی تبدیلی کے طریقہ کار سے متعلق خط زیر غور آیا۔جوڈیشل کمیشن نے کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ججز کی تقرری سے متعلق انٹرویوز کے قواعد، جوڈیشل کمیشن (ججز کی تقرری)رولز 2024 میں ترامیم اور آئینی بینچوں کے لیے ججوں کی نامزدگی کے معیار سے متعلق ایجنڈا نکات کی منظوری دے دی۔ہائی کورٹ کے ججوں کی عدالتی کارکردگی کے جائزے سے متعلق رولز 2026 پر غور مؤخر کر دیا گیا۔ کمیشن نے فیصلہ کیا کہ اس حوالے سے تمام ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان اور کمیشن کے رکن سینئر ترین ججوں سے سات روز کے اندر تحریری آراء اور تجاویز طلب کی جائیں گی۔بلوچستان بار کونسل کے خط سے متعلق معاملے پر کمیشن نے مشاہدہ کیا کہ بار کونسل کی جانب سے نامزد رکن کی مدتِ رکنیت آئینی طور پر دو سال کے لیے مقرر ہے ، لہٰذا اس حوالے سے کسی نئے قاعدے یا ضابطے کی ضرورت نہیں۔یہ فیصلے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں کیے گئے جس کا مقصد عدالتی تقرریوں کے طریقہ کار اور آئینی بینچوں کے لیے ججوں کی نامزدگی کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے ۔