پٹرولیم قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کم ہوگی :تاجر رہنما
کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہوگا:فہیم الرحمٰن سہگل، تنویر احمد شیخ بجلی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی کی جائے :عاطف اکرام ،کاشف چودھری
لاہور( کامرس رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک)تاجر و صنعت کار برادری نے ردعمل دیتے ہوئے پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کمی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کو توانائی کے شعبے میں مزید اصلاحات پر خصوصی توجہ دینی چاہیے اور اس کے ذریعے پیداواری لاگت کو خطے کے دیگر ممالک کے برابر لایا جائے ۔لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمٰن سہگل نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات، پیداواری لاگت اور مجموعی سپلائی چین کی کارکردگی پر براہِ راست مثبت اثر پڑے گا۔اس اقدام سے مہنگائی کے دباؤ میں کمی آئے گی اور کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہوگا۔سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ اور نائب صدر خرم لودھی نے کہا کہ یہ عام عوام کے ساتھ ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے بھی ریلیف فراہم کرے گا۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ، مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چودھری ، آل پاکستان انجمن تاجران و ٹریڈ ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ سمیت دیگر تاجر رہنماؤں نے کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف عوام بلکہ صنعت، تجارت، زراعت اور ٹرانسپورٹ سمیت معیشت کے تمام شعبوں کے لیے انتہائی مثبت اور دور رس نتائج کا حامل ثابت ہوگا۔مہنگائی پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔