بزنس کمیونٹی نے بجٹ کو مجموعی طور پر سپورٹ کیا:خرم شہزاد

 بزنس کمیونٹی نے بجٹ کو مجموعی طور پر سپورٹ کیا:خرم شہزاد

عوام کو ریلیف دیا ،تنخواہ دار طبقے کو بھی سہارا دینے کی کوشش کی :مشیر وزیر خزانہ الیکشن دھاندلی زدہ ثابت ہوا تو حکومت کو جانا ہوگا:محمد زبیر،’’دنیامہربخاری کیساتھ‘‘

لاہور (دنیا نیوز)مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ حکومت نے ایک متوازن بجٹ پیش کرنے کی کوشش کی ہے ۔ عموماً بجٹ آنے کے بعد بزنس کمیونٹی کی جانب سے تنقید سامنے آتی ہے ، تاہم اس بار کاروباری طبقے کی اکثریت نے بجٹ کو سپورٹ کیا ہے اور پہلے ہی اس کے بارے میں مثبت رائے دی۔دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘دنیا مہر بخاری کے ساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے خرم شہزاد نے کہا کہ یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ ایک آئیڈیل بجٹ ہے ، تاہم ایک طرف آئی ایم ایف کی شرائط اور دوسری طرف گزشتہ دو برس کے مشکل معاشی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے مالیاتی ذمہ داری کے ساتھ ‘‘پرو گروتھ ود ریلیف’’ بجٹ دینے کی کوشش کی ہے۔

بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے جبکہ کلچر، ہاؤسنگ سیکٹر، ایکسپورٹس اور دیگر شعبوں کے لیے مختلف مراعات بھی دی گئی ہیں۔ انڈسٹری پر ٹیکسوں میں کمی کی گئی ہے اور تنخواہ دار طبقے کو بھی سہارا دینے کی کوشش کی گئی ہے ۔ سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ پہلی مرتبہ ایک وزیراعظم یہ کہہ رہا ہے کہ اگر 2018 کا الیکشن دھاندلی زدہ تھا تو 2024 کا الیکشن بھی دھاندلی زدہ تھا۔ اگر 2024 کا الیکشن واقعی دھاندلی زدہ ثابت ہو جاتا ہے ، جیسا کہ وزیراعظم کے بیان سے تاثر ملتا ہے ، تو پھر حکومت اور پوری کابینہ کو اس کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے جاناہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں