پی ٹی آئی کے اقبال آفریدی کی پارلیمانی پارٹی رکنیت معطل
ایم این اے کا رویہ نامناسب ،قابل مذمت قرار ،پارٹی سے نکالنے کا بھی مطالبہ پارلیمانی پارٹی کا خصوصی اجلاس ،اقبال آفریدی کیخلاف متفقہ قرارد اد منظور کی گئی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف نے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کے روئیے کو نامناسب اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے قرارداد کے ذریعے پارلیمانی پارٹی کی رکنیت معطل کر دی اور پارٹی سے نکالنے کا بھی مطالبہ کر دیا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پارلیمانی پارٹی کا خصوصی اجلاس چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی صدارت میں ہوا، جس میں قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے بعد پارلیمانی امور اور پارٹی نظم و ضبط کا جائزہ لیا گیا۔اعلامیہ میں بتایا گیا کہ اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کیلئے جانے والے وفد کے واقعہ پر غور کیا گیا ،اجلاس میں اقبال خان آفریدی کے صاحبزادہ صبغت اللہ کے ساتھ نامناسب روئیے کی شدید مذمت کی گئی اورایسا رویہ ناقابل قبول قرار دیاگیا۔ اجلاس کے شرکا نے اقبال آفریدی کے خلاف ماضی کی شکایات کا بھی ذکر کیا اور متفقہ قرارداد کے ذریعے اقبال خان آفریدی کی پارلیمانی پارٹی رکنیت معطل کردی گئی۔ پارلیمانی پارٹی نے اقبال خان آفریدی کو پارٹی سے نکالنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ پی ٹی آئی اپنے ارکان سے پارلیمانی روایات اور نظم و ضبط کی پابندی کی توقع رکھتی ہے ، باہمی احترام اور تنظیمی ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔