9مئی کر کے آپ نے میرے ہاتھ باندھ دئیے ،اسحاق ڈار

9مئی کر کے آپ نے میرے ہاتھ باندھ دئیے ،اسحاق ڈار

کور کمانڈر ہائوس پر حملہ کرینگے تو پھر کچھ نہیں ہو سکتا ،شہریار آفریدی کو جواب تیل کی قیمتیں کم ہو رہیں،پاکستان کو دنیا پیس میکر ملک قرار دے رہی:خطاب

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہاکہ پاکستان کو دنیا بھر میں پیس میکر ملک قرار دیا جارہا ہے ، جنگ بندی کے بعد سے تیل کی قیمتیں تیزی سے گر رہی ہیں، جب آبنائے ہرمز کو بند کیا گیا تو حکومت نے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو سبسڈی دی، قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 47سال بعد ایران، امریکا براہ راست مذاکرات ہوئے ،خطے میں امن کیلئے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم، پیپلزپارٹی یا جی بی کا معاملہ ہو ہر جگہ میں مفاہمت کیلئے کردار ادا کرتا رہا ہوں،خطاب کے دوران پی ٹی آئی کے رہنما شہریار آفریدی کی جانب سے لقمہ دینے پر اسحاق ڈار نے کہا، آپ نے 9مئی کر کے میرے جیسے بندے کے ہاتھ باندھ دئیے ہیں، سیاست میں ایک حد تک جانا چاہیے ، جب بھی کسی پارٹی کا کوئی معاملہ ہوتا ہے تو میں موجود ہوتا ہوں، لیکن آپ بہت آگے نکل گئے ہیں،جب آپ کور کمانڈر ہائوس پر حملہ کریں گے تو پھر کچھ نہیں ہو سکتا ، اسحاق ڈار نے بجٹ کی منظوری پر سپیکر، وزیر خزانہ اور پارلیمان کو مبارکباد پیش کی ، انہوں نے قومی اسمبلی میں ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کی کاپی بھی پیش کی اور بتایا کہ اصل معاہدہ 19 جون کو جنیوا میں ہونا تھا، تاہم بعد ازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جی سیون اجلاس کی سائیڈ لائنز پر معاہدے پر دستخط کا فیصلہ کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں