فٹبال ورلڈ کپ شائقین کو نشانہ بنانیوالی جعلی ویب سائٹس کا انکشاف

 فٹبال ورلڈ کپ شائقین کو نشانہ بنانیوالی جعلی ویب سائٹس کا انکشاف

صارفین سے اکاؤنٹ بنانے کے بہانے ذاتی معلومات، کرپٹو کرنسی فیس لی جاتی ہے ذاتی معلومات ،مالی وسائل بچانے کیلئے صرف سرکاری نشریاتی ذرائع استعمال کریں ،کیسپرسکی

 اسلام آباد(نامہ نگار)سائبر سکیورٹی کمپنی کیسپرسکی نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر سرکاری سٹریمنگ اور بیٹنگ پلیٹ فارمز سے محتاط رہیں ۔فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے آغازکے ساتھ ہی شائقین کے جوش و خروش سے فائدہ اٹھانے والے آن لائن  فراڈیوں کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا ،کیسپرسکی کے مطابق کم از کم 336 جعلی ڈومینز کی نشاندہی کی گئی ہے جو ورلڈ کپ کی سرکاری ویب سائٹس کی نقل کر رہے ہیں ۔دنیا بھر میں لاکھوں شائقین ٹی وی اور دیگر ڈیوائسز کے ذریعے براہ راست میچز دیکھ رہے ہیں جبکہ فراڈیوں نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایسی ویب سائٹس بنانا شروع کر دی ہیں جو ورلڈ کپ کی آن لائن سٹریمنگ فراہم کرنے کا دعویٰ کرتی ہیں، ان جعلی ویب سائٹس پر صارفین کو مفت میچ دکھانے کا جھانسہ دیا جاتا ہے ۔ جب صارف "اب دیکھیں" کے آپشن پر کلک کرتا ہے تو اسے رجسٹریشن کے لیے کہا جاتا ہے ، اس کے بعد "تاحیات ٹورنامنٹ رسائی" کے نام پر کرپٹو کرنسی فیس ادا کرنے کا مطالبہ کیا جاتا ہے ۔ اس فراڈ میں صارفین کا رجسٹریشن ڈیٹا اور کرپٹو کرنسی رقم دونوں ضائع ہو جاتی ہیں ۔ فٹبال شائقین کو نشانہ بنانے والا ایک اور طریقہ جعلی بیٹنگ اور میچ پیشگوئی کرنے والے پلیٹ فارمز ہیں۔ صارفین سے اکاؤنٹ بنانے کے بہانے مکمل نام، ای میل ایڈریس، فون نمبر اور دیگر ذاتی معلومات طلب کی جاتی ہیں ۔ کیسپرسکی ماہرین نے صارفین کو مشورہ دیا کہ وہ صرف سرکاری نشریاتی ذرائع استعمال کریں تاکہ اپنی ذاتی معلومات اور مالی وسائل کو محفوظ رکھا جا سکے ،مزید یہ کہ ذاتی معلومات درج کرنے سے پہلے ویب سائٹس کی تصدیق ضرور کرلیا کریں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں