پاک فوج کی افغان سرحد کیساتھ کارروائی،29دہشتگر د ہلاک:بھارتی سرپرستی میں سرگرم گروہ کے کئی ٹھکانے،اسلحہ اور گولہ بارود کے بڑے ذخائر تباہ کر دیئے گئے

پاک  فوج کی  افغان  سرحد  کیساتھ  کارروائی،29دہشتگر د  ہلاک:بھارتی  سرپرستی  میں  سرگرم  گروہ  کے  کئی  ٹھکانے،اسلحہ  اور  گولہ  بارود  کے  بڑے  ذخائر  تباہ  کر دیئے  گئے

جماعت الاحرار کاکمانڈر خان فروش عرف زبل ،3ساتھی پاک افغان سرحد کے قریب ،25 پکتیا، پکتیکا ، کنڑ میں ہلاک،دہشتگردی کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی ،آئی ایس پی آر دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قوم فورسز کے شانہ بشانہ: صدر زرداری، شہبازشریف،حساب لیں گے :وزیر داخلہ ، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شہدا کے اہلخانہ سے تعزیت ، نماز جنازہ ادا

راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر)خیبرپختونخوا، بلوچستان میں حالیہ دنوں اور کراچی میں ہفتے کی رات پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر ہونے والے دہشتگرد حملوں کے بعد سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے ساتھ بڑی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، 29 دہشتگرد ہلاک کر دئیے گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 28 جون کو ضلع باجوڑ میں پاک افغان سرحد کے قریب  خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا گیا، جس دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم جماعت الاحرار کے ہائی ویلیو کمانڈر خان فروش عرف زبل سمیت چار دہشتگرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے آپریشن غضب للحق کے تسلسل میں مصدقہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر 28 اور 29 جون کی درمیانی شب پاک افغان سرحدی علاقے میں دہشتگردوں کے مراکز اور محفوظ ٹھکانوں کو بھی انتہائی درستگی سے نشانہ بنایا گیا،پکتیا، پکتیکا اور کنڑ کے علاقوں میں تین دہشتگرد مراکز تباہ کئے گئے ، اس کارروائی کے دوران مزید 25 دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود کے بڑے ذخائر بھی تباہ کر دئیے گئے ۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے پرعزم ہے ، تاہم شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے ۔ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت عزمِ استحکام کے وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشتگردی کیخلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی تاکہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے ۔

کراچی ،اسلام آباد ،راولپنڈی(دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان رینجرز کے جوانوں نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا کر ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا۔صدر آصف زرداری نے کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور جام شہادت نوش کرنے والے پاکستان رینجرز کے 3 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔انہوں نے کہا پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف اپنی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان رینجرز (سندھ)کے کیمپ پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا،وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن کے دوران وطن پر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہدا کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے ، ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، شہدا کے اہل خانہ کو اللہ صبر عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد از جلد صحت یاب کرے ۔

انہوں نے کہا شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دہشت گردی کے ہر فتنے کا پوری قوت سے خاتمہ کیا جائے گا، فتنہ الہندوستان اور اس کے سرپرست اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ، آئی ایس پی آر کے مطابق 27 جون کو کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے ایک کیمپ پر بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے خوارج نے دہشت گردانہ حملہ کیا، دہشت گردوں نے کیمپ کے مرکزی گیٹ پر دھماکا کرنے کے بعد سکیورٹی حصار توڑنے کی کوشش کی۔ رینجرز کے جوانوں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک زخمی افغان دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے 3 بہادر سپوت شہید جبکہ 3 اہلکار زخمی ہوئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق مزید دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے ، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ ادھر دہشت گرد حملے میں شہید رینجرز جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ، گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، ڈی جی رینجرز، لواحقین، سول و عسکری حکام نے شرکت کی، محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس کا حساب لیا جائے گا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے رینجرز کے بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جن کو سلام پیش کرتے ہیں ،نماز جنازہ کے بعد شہدا کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں