عمران سے ملاقات نہ ہونے پر دوبارہ احتجاج کا راستہ اختیار کرینگے:سہیل آفریدی

عمران  سے  ملاقات  نہ  ہونے  پر  دوبارہ  احتجاج  کا  راستہ  اختیار  کرینگے:سہیل  آفریدی

احتجاج خواہش نہیں اگر تمام قانونی راستے بند کر دیے جائیں تویہ ہی آپشن بچتاہے کارکنوں کی قیادت خود کروں گا بند کمروں کے غلط فیصلوں سے پختونخوا میں دہشتگردی دوبارہ لوٹی ،2026 امن اور ترقی کا سال ثابت ہوگا:خطاب

پشاور(دنیا نیوز)وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے ۔ پشاور میں پلوسی اور مسنگ لنک روڈ  فلائی اوور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی، اسی لیے عوام نے انہیں تیسری مرتبہ حکومت کرنے کا موقع دیا۔ صوبے میں ہر ہفتے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا جا رہا ہے ، عظمت کی بحالی کے لیے 200 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں اور موجودہ منصوبے مکمل ہونے کے بعد مزید 200 ارب روپے فراہم کیے جائیں گے ۔ خیبرپختونخوا نے دہشت گردی کے خلاف جان و مال کی بے مثال قربانیاں دیں، تاہم بند کمروں میں کیے گئے غلط فیصلوں کے باعث دہشت گردی دوبارہ لوٹ آئی۔ ضم اضلاع میں بدامنی ریاست کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے اور خیبرپختونخوا کو تجربہ گاہ بنا کر نئی پالیسیاں آزمائی جاتی رہیں، تاہم اب یہ پالیسیاں تبدیل ہوں گی اور 2026-27 صوبے میں امن اور ترقی کا سال ثابت ہوگا۔ سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بانی چیئرمین سے ملاقات کے لیے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس، اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بینچ اور دیگر متعلقہ اداروں سے رجوع کیا گیا مگر تمام آئینی اور قانونی راستے اختیار کرنے کے باوجود ملاقات ممکن نہ ہو سکی اور نہ ہی مقدمات کی سماعت ہو رہی ہے ، احتجاج ان کی خواہش نہیں بلکہ آخری آپشن ہے ، اگر تمام قانونی راستے بند کر دیے جائیں تو احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے ، 26 نومبر کو کارکنوں کو شہید کیا گیا، لیکن وہ پیچھے نہیں ہٹے ، اور اگر دوبارہ احتجاج کرنا پڑا تو میں قیادت کروں گا، پہلی گولی میرے سینے پر لگے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں