اڈیالہ جیل کے 14 قیدی فرار، 4 دوبارہ گرفتار : 2 پولیس افسروں کیخلاف کارروائی

اڈیالہ جیل کے 14 قیدی فرار، 4 دوبارہ گرفتار : 2 پولیس افسروں کیخلاف کارروائی

کہوٹہ پیشی سے واپسی پرملزمان کی وین میں ہنگامہ آرائی،دروازہ کھولنے پراہلکاروں کی آنکھوں مرچیں پھینک دیں واقعہ سہالہ کی حدودمیں پیش آیا،قیدی وین میں 36ملزمان تھے ،فرارہونیوالوں پرسنگین مقدمات،راستے سیل

 راولپنڈی(احمدبھٹی)اڈیالہ جیل سے عدالت پیشی کے لیے لائے گئے 14 ملزمان فرار ہو گئے ،پولیس نے فرار ہونے والے 4 قیدیوں کو دوبارہ پکڑ لیا، جبکہ 10 ملزمان  کی تلاش جاری ہے ۔ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے ،آئی جی پنجاب پولیس نے غفلت اورلاپرواہی کامظاہرہ کرنے پرڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر امتیاز احمد کو معطل اورایڈیشنل ایس پی ہیڈکوارٹر راولپنڈی مدثر اقبال کو سنٹرل آفس رپورٹ کرنے کا حکم دیدیا۔ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر نے نوٹیفکیشن جاری کردیا،تفصیل کے مطابق حوالاتیوں کو اڈیالہ جیل سے صبح قیدی وین میں کہوٹہ کی ماتحت عدالت میں پیش کیا گیا،جس کے بعدحوالاتیوں کو قیدی وین میں واپس اڈیالہ جیل منتقلی کیلئے لایاجارہاتھا کہ سہالہ اسلام آبادکی حدودمیں ملزمان نے وین میں ہنگامہ آرائی شروع کردی،جس پرچکیاں پوسٹ کے قریب قیدی وین کو چیکنگ کیلئے روکا گیا، دروازہ کھولنے پر ایک قیدی نے پولیس اہلکاروں کی آنکھوں میں مرچیں پھینک دیں ،جس پروین سے 14ملزمان فرارہوگئے۔

جن میں 4ملزمان کوبعدمیں دوبارہ گرفتارکرلیا گیا، وین میں مجموعی طورپر36ملزمان تھے ، فرار ہونے والے ملزمان قتل،ڈکیتی ،اقدام قتل،منشیات سمیت سنگین نوعیت کے مختلف مقدمات نامزد تھے ، ملزم عدنان عرف دانی اورواحد عرف واحدی قتل ،شامیر، عبد الرحمن،اسد ستی اقدام قتل، عالم زیب منشیات،وہاب قیوم ، احتشام شبیر،عدیل،شاہ ضیغم شاہ ڈکیتی سمیت دیگر مقدمات میں حوالاتی تھے ،مفرور قیدیوں کی تفصیلات پولیس حکام کو پہنچا دی گئی ہیں،واقعہ کے بعدپولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی۔مفرور ملزمان کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے ،پولیس نے کہوٹہ کے داخلی و خارجی راستے سیل کردئیے ۔ ذرائع کے مطابق کہوٹہ سے اڈیالہ جیل لانے والے قیدیوں کا فرار باقاعدہ منصوبہ بندی سے ہوا ۔سی پی او سید خالد ہمدانی کا نوٹس ،سینئر افسروں کو فوری موقع پر پہنچ کر رپورٹ اور آپریشن کا حکم دیدیا، سینئر افسروں کی زیر نگرانی تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے ،ترجمان پولیس کے مطابق ذمہ داروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق وین میں قیدیوں کی آپس میں شدید لڑائی ہوئی جس کے بعد واقعہ پیش آیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں