سانحہ گل پلازہ:بچے کو ذمہ دار ٹھہرانا حل نہیں:ارشد وہرا

 سانحہ گل پلازہ:بچے کو ذمہ دار ٹھہرانا حل نہیں:ارشد وہرا

اگر کوشش کی جاتی تو جانیں بچ سکتی تھیں:رہنما ایم کیو ایم پاکستان اداروں کی جوابدہی ضروری:شرمیلا ، پروگرام مہربخاری کیساتھ گفتگو

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)پاکستان کے سینئر رہنما ارشد وہرا نے کہا ہے کہ سانحہ گل پلازہ(آتشزدگی)کی تحقیقاتی رپورٹ شائع نہیں ہوئی ، ٹی وی چینلز پر چلنے والی رپورٹ میں گیارہ سالہ بچے اورپھر یونین کے صدر ودیگر ارکان کو مورد الزام ٹھہرایا گیا ، یہ کوئی حل نہیں ہے ۔دنیا نیوز کے پروگرام ’’مہر بخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ارشد وہرا نے مزید کہا کہ آگ لگنے کی کیا وجہ تھی ،جب آگ لگی تو گیٹ بند کردئیے گئے ،پلازے کا کچھ حصہ کھلا ہوا بھی تھا،یہ بھی اہم ایشو ہے ، اس میں انتظامی ایشو بہت زیادہ تھے ،وہاں پر پولیس کی نفری ،مشینری چاہئے تھی ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت گورننس یا ایڈٖمنسٹریشن کا ایشو تھا لیکن کوئی انتظام نہیں کیا گیا، رپورٹ میں دکاندار اور اس کے بچے کوملزم قرار دیا گیا ،یہی تو ہماری غلطیاں ہیں،ہوسکتا ہے گیارہ سالہ بچے سے غلطی ہوئی اوراس نے ماچس جلائی ہو گی،وہاں آگ لگی تو اس کو کنٹرول تو کیا جا سکتا تھا،بات یہ ہے کہ اگر کوشش کی جاتی تو جانیں بچ سکتی تھیں۔ پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے کہا ایشویہ بھی ہے کہ ہمارے ہاں ذمہ داروں کا تعین نہیں ہو تا،یہی وجہ ہے اس قسم کے حادثات پیش آتے ہیں،ہوسکتا ہے بچے سے غلطی ہوئی ہو ،لیکن اداروں کی غفلت کہاں کہاں تھی،ان اداروں کی ذمہ داریوں کا تعین ہونا چاہئے تاکہ اس قسم کے بھیانک واقعات دوبارہ نہ ہوں،رپورٹ اس وجہ سے منظر عام پر نہیں آئی کیونکہ ابھی بھی انکوائری چل رہی ہے ،بات یہ ہے ہم ان دکانداروں کو بھی بری الذمہ نہیں سمجھتے ، مرتضی وہاب نے ایک رپورٹ بنا کر وزیر اعلیٰ کو بھیجی تھی، اس وقت اس رپورٹ پر ایکشن ہونا چاہئے تھا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں