بلوچستان سے تعاون جاری رہے گا ، اسحاق ڈار، ایا ز صادق
نائب وزیر اعظم ،سپیکر قومی اسمبلی سے بلوچستان کے وفد کی ملاقات ، مختلف امور پر گفتگو
اسلام آباد(نامہ نگار)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بلوچستان اسمبلی کے پارلیمانی لیڈرز اور اراکین پر مشتمل وفد نے ملاقات کی جس میں بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں ، وفاق اور بلوچستان کے درمیان تعاون کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سینیٹر اسحاق ڈار اور سردار ایاز صادق نے کہا بلوچستان کی ترقی، امن و استحکام، عوامی خوشحالی اور بہتر طرزِ حکمرانی کے لیے وفاق اور صوبے کے درمیان مؤثر رابطہ ، باہمی تعاون نا گزیر ہے۔
وفاقی حکومت بلوچستان کی پائیدار ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ وفد نے وفاقی حکومت کی کاوشوں کو سرا ہا اور وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی ۔ا س موقع پر گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی، سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق خان اچکزئی، رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ، صوبائی وزیر نور محمد دمڑ، راحیلہ حمید خان درانی، میر محمد عاصم کرد گیلو، برکت علی رند، نوابزادہ محمد زرین خان مگسی، محمد خان لہڑی، زرک خان، اشوک کمار، ڈاکٹر ربابہ، ہادیہ نواز اور محمد خان طور بھی موجودتھے ۔