کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد کی متحدہ رہنماؤں سے ملاقات،ریلی میں شرکت کی دعوت

کل جماعتی حریت کانفرنس  کے وفد کی متحدہ رہنماؤں سے  ملاقات،ریلی میں شرکت کی دعوت

کراچی (سٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے وفد نے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنماؤں انیس قائمخانی اور سید امین الحق سے ملاقات کی۔۔۔

 جس میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی افتخار عالم بھی موجود تھے ۔ وفد کی قیادت کنوینر غلام محمد صفی کر رہے تھے جس میں پرویز احمد ایڈووکیٹ، امتیاز وانی، شیخ عبد المتین، زاہد صفی اور شیخ عبدالماجد شامل تھے ، جس نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی حق خود ارادیت کے حصول کے لیے جاری جدوجہد آزادی اور موجودہ صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد نے کشمیر کے تحریک آزادی کے عظیم نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کے دسویں یوم شہادت کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے بدھ کو نکالی جانے والی ریلی میں شرکت کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت اور کارکنان کو باضابطہ دعوت دی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما انیس قائمخانی نے کہا کہ کشمیر صرف ایک خطے کا نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ اور انسانیت کے ضمیر کا مسئلہ ہے ، ایم کیو ایم پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی اصولی حمایت جاری رکھے گی۔ سینئر مرکزی رہنما سید امین الحق نے کہا کہ کشمیری عوام نے آزادی اور اپنے بنیادی حقوق کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے ۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا کے امن و استحکام سے جڑا ایک اہم انسانی اور سیاسی مسئلہ ہے ، جس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور بنیادی انسانی حقوق کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ایم کیو ایم پاکستان کشمیری عوام کی جائز، پرامن اور جمہوری جدوجہد کی اخلاقی و سیاسی حمایت جاری رکھے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں