ایچ آر ایم آئی ایس غیرفعال، ترقیوں کے بورڈ اجلاس تاخیر کا شکار
چار ماہ سے پورٹل بند، افسران سالانہ کارکردگی رپورٹس دستی طریقے سے جمع کرا رہے پورٹل غیرفعال ہونے سے گریڈ بیس، اکیس اور بائیس کی ترقیوں کا عمل مزید تاخیر کا شکار
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ہیومن ریسورس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (ایچ آر ایم آئی ایس) میں سالانہ کارکردگی رپورٹس (اے سی آرز) جمع کرانے کا نظام گزشتہ چار ماہ سے فعال نہیں ہو سکا جس کے باعث گریڈ 22 میں ترقی کے لیے ہائی پاور بورڈ اور گریڈ 20 اور 21 میں ترقی کے لیے سینٹرل سلیکشن بورڈ (سی ایس بی) کے اجلاس میں تاخیر ہو رہی ہے ۔ایچ آر ایم آئی ایس غیر فعال ہونے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ماتحت پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، سیکریٹریٹ سروس، پاکستان پولیس سروس اور آفس مینجمنٹ سروس کے گریڈ 17 سے 21 تک کے تقریباً چار ہزار افسران اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹس آن لائن جمع نہیں کرا سکے اور انہیں مینوئل طریقے سے رپورٹس جمع کرانا پڑ رہی ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے فروری میں ہدایت جاری کی تھی کہ مذکورہ چاروں سروس گروپس کے افسران اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹس صرف ایچ آر ایم آئی ایس پورٹل کے ذریعے جمع کرائیں اور مینوئل طریقہ کار اختیار نہ کریں، تاہم سسٹم فعال نہ ہونے کے باعث یہ ہدایات نافذ نہیں ہو سکیں۔قانون کے مطابق گریڈ 20 اور 21 کے افسران کے لیے سالانہ کارکردگی رپورٹ جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 جنوری، گریڈ 19 کے لیے 28 فروری جبکہ گریڈ 17 اور 18 کے افسران کے لیے 31 مارچ مقرر ہے ۔ذرائع کے مطابق ایچ آر ایم آئی ایس میں بالخصوص گریڈ 19 سے 21 کے افسران کو مطلوبہ آن لائن رسائی بھی فراہم نہیں کی گئی، جس کے باعث وہ تاحال دستی طریقے سے رپورٹس جمع کرا رہے ہیں۔چاروں سروس گروپس کے افسران نے دنیا کو تصدیق کی ہے کہ ایچ آر ایم آئی ایس پورٹل ابھی تک فعال نہیں ہوا اور سالانہ کارکردگی رپورٹس آن لائن جمع کرانے کی سہولت دستیاب نہیں۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ایڈیشنل سیکرٹری اور ترجمان سید معظم علی سے اس معاملے پر مؤقف لینے کے لیے رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے دنیا کے بھیجے گئے پیغام کا کوئی جواب نہیں دیا۔