قلعہ عبداللہ، ڈیرہ بگٹی میں فائرنگ، 8 افراد جاں بحق، بچی سمیت 2 زخمی
بدوان میں 4افراد کو قتل کرکے نامعلوم مسلح افراد فرار ، ورثاء کا احتجاج ،کوئٹہ چمن شاہراہ پر دھرنا دیدیا زین کوہ درینجن میں لین دین کے تنازع پر باپ بیٹا اور دو بھائی گولیوں کا نشانہ بن گئے ،لاشیں ورثاء کے حوالے
کوئٹہ(این این آئی )قلعہ عبداللہ اور ڈیرہ بگٹی میں فائرنگ سے 8افراد جاں بحق جبکہ بچی سمیت2زخمی ہو گئے قلعہ عبداللہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 4افراد جاں بحق جبکہ ایک بچی زخمی ہوگئی پولیس کے مطابق گزشتہ روز قلعہ عبداللہ کے علاقے بدوان میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 4افراد عبیداللہ ولد فضل محمد ، ضیاء الرحمن ولد عبدالبشیر ، ایمل ولد رحیم اور محمد شاہد ولد رحیم کو ہلاک جبکہ ایک بچی بی بی ثانیہ دختر نصیراحمد کو زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے پولیس نے نعشیں اورزخمی کو ہسپتال پہنچادیا جہاں نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی۔
دریں اثناء واقعہ کے خلاف ورثاء نے کوئٹہ چمن بین الاقوامی شاہراہ کو دھرنا دیکر ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیاجس کی وجہ سے سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی لائنیں لگ گئیں اور گرمی میں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مقامی انتظامیہ سے مذاکرات کے بعدمظاہرین نے دھرنا ختم کردیا اور سڑک کو ہرقسم کی آمدورفت کیلئے کھول دیا۔ ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں دو گروہوں میں فائرنگ کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا پولیس کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے زین کوہ درینجن میں لین دین کے تنازع پردو گروہوں میں تصادم کے نتیجے میں 4افراد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا ۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں باپ بیٹا اور دو بھائی شامل ہیں ،پولیس نے نعشیں قبضے میں لیکرہسپتال پہنچاکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیں اور مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی۔