پاکستان ہرجارحیت کا جواب دینا جانتاہے :عظمیٰ بخاری
بھارت کی سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پاکستانی سالمیت پر حملہ ہے ماضی میں بھی پاکستان بھارت کی متعدد غلط فہمیاں دور کر چکا :وزیراطلاعات
لاہور (اے پی پی)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی ٰبخاری نے کہا ہے کہ بھارت کی بی جے پی حکومت فسطائی طرزِ عمل اختیار کئے ہوئے ہے اور وہ یہ سمجھتی ہے کہ سندھ طاس معاہدے اور پانی کی تقسیم سے متعلق عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرکے بھی اس کا کوئی احتساب نہیں ہوگا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی یہ سوچ اور یہ گمان کہ کوئی اس سے باز پرس نہیں کر سکتا ایک بہت بڑی غلط فہمی ہے ،پاکستان ہرجارحیت کا جواب دینا جانتاہے ۔
نریندر مودی اور اس کے حامیوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ ماضی میں بھی پاکستان بھارت کی متعدد غلط فہمیاں دور کر چکا ہے اور قومی مفادات کے تحفظ کیلئے ہر ضروری قدم اٹھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ دریائے سندھ پاکستان کی زراعت، معیشت اور قومی بقا کی بنیاد ہے ۔ پاکستان کے آبی وسائل پر کسی بھی قسم کی جارحیت یا سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی نفی ہے بلکہ یہ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی قومی سلامتی، آبی حقوق اور عوام کے مفادات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ دریائے سندھ سے متعلق کسی بھی غیر قانونی اقدام یا اشتعال انگیزی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور پاکستان اپنے جائز حقوق کے تحفظ کیلئے ہر مؤثر فورم پر بھرپور آواز اٹھاتا رہے گا۔