سفارتخانے بیرون ملک روزگار کے مواقع تلاش کریں:شہباز شریف

 سفارتخانے بیرون ملک روزگار کے مواقع تلاش کریں:شہباز شریف

متعلقہ ممالک کی زبان کی تعلیم بمعہ سرٹیفیکیشنز یقینی بنائی جائے :وزیراعظم پروٹیکٹریٹ آف امیگریشن کو ڈیجیٹائز کرنیکی ہدایت، شہید گروپ کیپٹن کو خراج عقیدت

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے پروٹیکٹریٹ آف امیگریشن کے تمام تر نظام کو ڈیجیٹائز کرنے اور پاکستانی سفارتخانوں کو بیرون ملک روزگار کے مواقع سے آگاہی فراہم کرنے کے لئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی افرادی قوت باصلاحیت ہے ، حکومت بین الاقوامی معیار کی تعلیم و عالمی سطح پر رسائی کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوجوانوں کو روزگار مہیا کرنے کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی سرٹیفیکیشنز کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے تمام ادارے مختلف ممالک سے روابط مضبوط کریں۔ انہوں نے کہا کہ جن ممالک میں پاکستانی ہنرمند افراد کیلئے روزگار کے مواقع میسر ہیں، ان کی زبان کی تعلیم بمعہ سرٹیفیکیشنز یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے نیوٹیک کے تحت تکنیکی و فنی تربیت کے اداروں کی کارکردگی اور کنٹری آف ڈیسٹی نیشن سینٹرز کے قیام پر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم کو افرادی قوت بالخصوص نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب میں 8 لاکھ نوجوان رجسٹر ہو چکے ہیں، بیرون ملک تعمیرات، زراعت، سیاحت، صحت، ٹرانسپورٹ، بائیوٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، نرسنگ، ادویہ سازی، اشیائے خورونوش کی تیاری اور شپ بلڈنگ کے شعبوں میں روزگار کے مواقع موجود ہیں۔

بریفنگ کے مطابق ان شعبوں میں پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے تربیتی پروگرام جاری ہیں، پاکستانی سفارتخانے مختلف ممالک میں میسر روزگار کے مواقع اور ان کیلئے درکار قابلیت ڈیجیٹل یوتھ ہب پورٹل پر فراہم کریں گے ۔دریں اثنا وزیراعظم نے شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا انہوں نے ایک خاتون کی جان اور عزت کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے بے مثال جرأت ، بہادری اور فرض شناسی کی مثال قائم کی۔ قوم ایسے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرکے ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں