شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق فوجی اعزاز کیساتھ سپردِ خاک

شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق فوجی اعزاز کیساتھ سپردِ خاک

نمازجنازہ میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر ،فضائیہ کے سینئر افسران کی شرکت بھرپور خراج عقیدت ،قربانی ایئر فورس ، افواج کی بہترین روایات کی عکاس ، ایئر چیف

اسلام آباد (دنیا نیوز )شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کردیا گیا ، اسلام آباد میں ایک لڑکی کو بچا تے ہوئے شہید ہونے والے پاک فضائیہ  کے افسر گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نمازِ جنازہ میں فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، پاک فضائیہ کے سینئر افسران، جوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہید افسر کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر چیف آف دی ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی عظیم قربانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قربانی پاکستان ایئر فورس اور مسلح افواج کی بہترین روایات کی عکاس ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہید افسر نے ایک شہری کی جان بچاتے ہوئے فرض شناسی، جرات و ایثار کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ایئر چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ نہ صرف وطن کے دفاع بلکہ شہریوں کی جان، عزت اور وقار کے تحفظ کے لئے بھی ہر وقت پرعزم ہے ،ظہیر بابر سدھو کا مزید کہنا تھا کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی بے مثال قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور پوری قوم کے لیے باعثِ فخر رہے گی۔ 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں