چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ججز کی تربیت ناگزیر
اسلام آباد (این این آئی)وزیر قانون و انصا ف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی، تجارتی رجحانا ت اور معاشرتی ضروریات کے پیش نظر ججز کی خصوصی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ جدید قانونی چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹ سکیں۔
انہوں نے یہ بات وزارت قانون و انصاف میں ریسرچ سوسائٹی آف انٹرنیشنل لا (آر ایس آئی ایل)اور سندھ جوڈیشل اکیڈمی کے کراس پروونشل جوڈیشل فیلوشپ پروگرام میں شریک ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا انصاف کا نظام بدلتے ہوئے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا چاہیے اور ٹیکنالوجی، کمرشل قوانین اور متبادل تنازعاتی حل (اے ڈی آر)جیسے شعبوں میں مہارت مستقبل کی عدلیہ کے لیے ناگزیر ہے ۔ انہوں نے عدالتی استعداد کار میں اضافے اور قانونی اصلاحات کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ فوجداری ضابطہ کار (سی آر پی سی)میں 100 سے زائد ترامیم تجویز کی جا رہی ہیں تاکہ فوجداری نظام انصاف کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور مزید موثر بنایا جا سکے۔