بلوچستان میں 4 نئے ڈویژن اور 5 نئے اضلاع قائم

بلوچستان میں 4 نئے ڈویژن اور 5 نئے اضلاع قائم

تشکیل سے ڈویژنز کی تعداد 7 سے 11 اور اضلاع 36 سے بڑھ کر 41 ہوگئے کوئٹہ ایسٹ اور کوئٹہ ویسٹ میں تقسیم، محکمہ ریونیو نے نوٹیفکیشن جاری کردیا

کوئٹہ( سٹاف رپورٹر)حکومت بلوچستان نے صوبے کے انتظامی ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی منظوری دیتے ہوئے 4 نئے ڈویژن، 5 نئے اضلاع، متعدد سب ڈویژنز، تحصیلوں اور سب تحصیلوں کے قیام کے ساتھ پرانے ڈویژنز کی ازسرنو تشکیل کر دی ہے ۔ اس فیصلے کے بعد صوبے میں ڈویژنز کی تعداد 7 سے بڑھ کر 11 جبکہ اضلاع کی تعداد 36 سے بڑھ کر 41 ہو گئی ہے ۔محکمہ ریونیو بلوچستان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اقدامات بلوچستان لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 کی شق 5، 6 اور 6-A کے تحت کابینہ کی منظوری سے کیے گئے ہیں نوٹیفکیشن کے مطابق کوئٹہ کو دو اضلاع، کوئٹہ ایسٹ اور کوئٹہ ویسٹ میں تقسیم کر دیا گیا ہے ۔ کوئٹہ ایسٹ میں صدر، سٹی اور سریاب سب ڈویژنز جبکہ کوئٹہ ویسٹ میں کچلاک، بروری اور پنجپائی شامل ہوں گے ۔

کوئٹہ ڈویژن میں ضلع مستونگ کو بھی شامل کر لیا گیا ہے ، جو پہلے قلات ڈویژن کا حصہ تھا۔پشین ڈویژن میں پشین، برشور، قلعہ عبداللہ اور چمن شامل ہوں گے ، جبکہ خضدار ڈویژن میں خضدار، قلات، سوراب اور نیا قائم ہونے والا ضلع وڈھ شامل کیا گیا ہے ، تاہم سب تحصیل سارونہ کو وڈھ سے الگ کر کے اضلاع لسبیلہ اور حب میں تقسیم کر دیا گیا ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق نیا لسبیلہ ڈویژن بھی قائم کیا گیا ہے ، جس میں لسبیلہ، حب اور آوران شامل ہوں گے ۔ مکران ڈویژن میں نئے ضلع تمپ کے علاوہ کیچ، گوادر اور پنجگور شامل ہوں گے ، جبکہ رخشان ڈویژن میں چاغی، نوشکی، خاران اور واشک شامل ہوں گے ۔نصیر آباد ڈویژن میں نصیر آباد، جعفر آباد، جھل مگسی، اوستہ محمد اور صحبت پور شامل ہوں گے ، جبکہ ژوب ڈویژن ژوب، قلعہ سیف اللہ اور شیرانی پر مشتمل ہوگا۔حکومت نے سبی ڈویژن کا نام تبدیل کرکے سیوی ڈویژن رکھ دیا ہے ، جس میں سیوی (سابقہ سبی)، جنوبی ڈیرہ بگٹی اور کچھی شامل ہوں گے ۔ لورالائی ڈویژن میں لورالائی، دکی، زیارت، موسی خیل اور ہرنائی شامل ہوں گے ۔کابینہ کی منظوری کے بعد قائم کیے گئے نئے کوہ سلیمان ڈویژن میں کوہلو، بارکھان اور شمالی ڈیرہ بگٹی کو شامل کیا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں