پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ تجارت، عوام پربوجھ ،اکرام راجپوت
پیداواری لاگت اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا، صدر کاٹی مہنگائی کی بھی نئی لہر آئے گی، پٹرولیم لیوی میں کمی نہ کرنے پر تشویش کا اظہار
کراچی (بزنس ڈیسک) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی)کے صدر محمد اکرام راجپوت نے پٹرولیم قیمتوں میں حالیہ اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں 13 روپے 18 پیسے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 13 روپے 80 پیسے فی لیٹر اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 11 روپے 19 پیسے فی لیٹر اضافہ نہ صرف صنعتی و تجارتی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب کرے گا، بلکہ مہنگائی کی ایک نئی لہر کو بھی جنم دے گا، جس کا براہ راست بوجھ عوام، صنعت اور کاروباری برادری کو برداشت کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی صنعت پہلے ہی خطے کی بلند ترین پیداواری لاگت، مہنگائی، بجلی، گیس، ٹیکسوں، بلند شرح سود اور دیگر پیداواری اخراجات کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہے ۔ ایسے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ انڈسٹری کی مشکلات میں بے تحاشا اضافہ کرے گا، پاکستانی مصنوعات کی عالمی و علاقائی منڈیوں میں مسابقت متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔صدر کاٹی نے کہا کہ حکومت کے اس رویہ کے نتیجے میں ہر شعبہ متاثر ہورہا ہے ، مہنگائی بڑھنے کے ساتھ انڈسڑی بند ہونے کا خدشہ ہے جس سے بے روزگاری میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگا۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا، مہنگائی بڑھے گی اور برآمدی صنعت کی لاگت بھی نمایاں طور پر بڑھ جائے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں خاطر خواہ کمی کرکے اس کا براہ راست فائدہ عوام اور صنعت کو منتقل کیا جائے۔