روزانہ 5کپ کافی جگر کی بیماریوں سے بچاؤ میں مددگار
لندن (نیٹ نیوز)نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روزانہ کافی پینے سے جگر کی سنگین بیماریوں، جگر کے سرطان اور جگر سے متعلق اموات کے خطرات میں نمایاں کمی آ سکتی ہے ۔
تحقیق کے نتائج میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ روزانہ 5 یا اس سے زیادہ بلیک کافی کے کپ پینے والے افراد کو سب سے زیادہ فائدہ حاصل ہوا ہے ۔تحقیق کے دوران برطانیہ کے بائیو بینک پروگرام کے زیرِ انتظام تقریباً 3 لاکھ 55 ہزار بالغ افراد کا 10 سال سے زائد عرصے تک جائزہ لیا گیا، جو افراد روزانہ 5 یا اس سے زیادہ کپ کافی پیتے تھے ان میں جگر کے سکڑنے کی بیماری کا خطرہ 32 فیصد، جگر کے سرطان کا خطرہ 47 فیصد اور جگر سے متعلق اموات کا خطرہ 42فیصد کم پایا گیا۔روزانہ 1 سے 2 کپ کافی پینے والوں میں بھی کچھ حفاظتی فوائد دیکھے گئے تاہم زیادہ فائدہ زیادہ مقدار میں کافی پینے والوں کو حاصل ہوا۔