طوفان باوی:چین میں20لاکھ افراد محفوظ مقامات پر منتقل
سینکڑوں پروازیں منسوخ ، طوفان آج صوبہ ژی جیانگ سے ٹکرانے کا امکان تائیوان میں 14ہزار افراد کا انخلا،میانمار میں 3ہلاک،کئی دیہات زیر آب
بیجنگ،نیپیداو(اے ایف پی)طاقتور طوفان باوی کے پیش نظر چین میں تقریباً 20 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا جبکہ شمالی تائیوان اور جاپان کے جنوب مغربی جزائر میں تیز ہواؤں اور شدید بارش نے معمولات زندگی متاثر کر دئیے ۔ چینی حکام کے مطابق صوبہ ژی جیانگ میں 17 لاکھ سے زائد افراد کا انخلا کیا گیا، چینی حکام کے مطابق طوفان آج اتوار کی صبح مشرقی صوبے ژی جیانگ سے ٹکرانے کا امکان ہے ، جہاں تعلیمی ادارے ، دفاتر ، ٹرانسپورٹ اور بیرونی سرگرمیاں معطل کر نے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ 400 سے زائد پروازیں اور متعدد ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ بیجنگ، فوجیان اور شنگھائی کے مختلف علاقوں سے بھی ہزاروں افراد کا انخلا کیا گیا ہے۔
شمالی تائیوان میں شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث 14 ہزار سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل کئے گئے ، ایک لاکھ 70 ہزار سے زیادہ گھروں کی بجلی منقطع ہے اور سینکڑوں پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں۔ میانمار کی ریاستوں راکھین میں شدید سیلاب کے باعث اب تک کم از کم تین افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ مقامی رہائشیوں کے مطابق متعدد دیہات زیر آب آ چکے ہیں، سینکڑوں مکانات اور دھان کے کھیت ڈوب گئے ہیں جبکہ متاثرہ خاندانوں کو خوراک، رہائش اور محفوظ انخلا کے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔