تیل پیدا کرنیوالے کئی ممالک پاکستان میں ذخیرہ کرنے کے خواہشمند
حالیہ علاقائی کشیدگی کے بعد دلچسپی ظاہر، نجی کمپنیاں اسٹوریج قائم کرینگی، جنید انوار سرمایہ کاری کے ساتھ بوقت ضرورت ذخائر ملکی استعمال میں بھی لائینگے ، خطاب
لاہور(اے پی پی)وفاقی وزیر برائے میری ٹائم افیئرز محمد جنید انوار نے کہا ہے کہ حکومت کے انرجی سٹی منصوبے میں اہم پیشرفت ہو رہی ہے ، حالیہ علاقائی کشیدگی کے بعد کئی آئل پیدا کرنیوالے ممالک پاکستان میں تیل ذخیرہ کرنے میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت نجی کمپنیاں حکومت سے زمین کرائے پر حاصل کرکے جدید آئل اسٹوریج سہولیات قائم کریں گی جہاں تیل کو ڈیوٹی فری بنیادوں پر ذخیرہ اور برآمد کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس خود اتنا سرمایہ نہیں کہ بڑے پیمانے پر اسٹریٹجک ذخائر قائم کر سکے ، تاہم اس ماڈل کے ذریعے نہ صرف سرمایہ کاری آئے گی بلکہ مشکل وقت میں یہ ذخائر ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے بھی استعمال کیے جا سکیں گے ۔ وہ لاہور چیمبر کے دورے پر خطاب کر رہے تھے ۔ صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے خطاب میں کہا کہ پاکستان اپنی تقریباً ایک ہزار کلومیٹر طویل ساحلی پٹی اور اہم جغرافیائی محل وقوع کے باوجود بلیو اکانومی کی مکمل صلاحیت سے فائدہ نہیں اٹھا سکا۔ انہوں نے کہا کہ سمندری معیشت کے شعبے میں موجود مواقع سے بھرپور استفادہ کرکے پاکستان اربوں ڈالر کا اضافی زرمبادلہ حاصل کر سکتا ہے اور علاقائی تجارت میں اپنی اہمیت مزید بڑھا سکتا ہے ۔ انہوں نے بندرگاہوں پر ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سامان کی کلیئرنس میں غیر ضروری تاخیر کاروباری لاگت میں اضافے اور عالمی مسابقت میں کمی کا سبب بنتی ہے۔