بارشوں کا الرٹ جاری، پنجاب کے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ
ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم ،شمالی علاقوں میں کل لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
لاہور ،اسلام آباد ،گلگت(اے پی پی،این این آئی)محکمہ موسمیات کے مطابق آج اتوار کوکشمیر، خیبرپختونخوا ،بالائی پنجاب ، اسلام آباد اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہواؤں /آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے تاہم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے ۔موسلادھار بارشوں سے اسلام آباد،راولپنڈی، پشاور ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور اورفیصل آباد کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا جبکہ اسلام آباد ، بالائی پنجاب ، پختونخوا، کشمیراور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش ہوئی،سب سے زیادہ بارش اسلام آباد (سید پور گاؤں)میں 53 ، نارووال 51، گجرات 28، راولپنڈی نیو کٹاریاں 35، سیالکوٹ 24 ،اٹک، مری 19 ، لاہور (سٹی، ائیرپورٹ 3)، کوٹلی 27، مظفرآباد ائیرپورٹ 2، بنوں 12، کاکول میں 11 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ روز لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 27اور زیادہ سے زیادہ36سینٹی گریڈرہا ۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )نے کہا ہے کہ کل 13 جولائی تک شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ، 14 جولائی تک گلگت بلتستان، پختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں میں سیلاب کے خطرات موجود رہیں گے ،بڑھتے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز پگھلنے کی رفتار تیز ہو سکتی ہے ، جس سے مٹی اور پتھروں کے ریلوں، اچانک سیلاب اور آبی گزرگاہوں میں طغیانی کے امکانات بڑھ جائیں گے ،ادارے نے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، مری، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں کو حساس قرار دیدیا ۔ ادھر گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کی وادی نیاٹ میں واقع گاؤں چھرل میں حالیہ بارشوں کے بعد سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی،ریلے کی زد میں آ کر متعدد رہائشی مکانات ،تیار فصلیں شدید متاثر ہوئیں، واٹر سپلائی سکیم مکمل تباہ ہو گئی جبکہ راستے بھی بری طرح متاثر ہوگئے ۔