تیزی سے بڑھتی آبادی ملکی معیشت کیلئے بڑا چیلنج :شیری رحمان
سالانہ شرح 2.55 فیصد جاری رہی تو2050تک آبادی 39کروڑہوجائیگی خاندانی منصوبہ بندی کو قومی بجٹ اور ترقیاتی پالیسی کا اہم حصہ بنایا جائے :پیغام
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)ورلڈ پاپولیشن ڈ ے پر نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں تیزی سے بڑھتی آبادی معیشت، وسائل اور عوام کی زندگی کے لیے بڑا چیلنج بنتی جا رہی ہے ،دنیا کی آبادی 8.2 ارب جبکہ پاکستان کی آبادی تقریباً 25 کروڑ 90 لاکھ ہو چکی، پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا آبادی والا ملک ہے ،پاکستان میں آبادی بڑھنے کی سالانہ شرح 2.55 فیصد ہے جبکہ شرح پیدائش جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ 3.6 ہے ، اگر یہی رفتار جاری رہی تو 2050 تک پاکستان کی آبادی تقریباً 39 کروڑ ہو جائے گی، اس کے لیے ابھی سے منصوبہ بندی ضروری ہے ، تیزی سے بڑھتی آبادی پانی، خوراک، علاج، تعلیم، رہائش اور روزگار پر مسلسل دباؤ بڑھا رہی ہے ، شیری رحمان نے کہا کہ آبادی کا مسئلہ صرف تعداد کا نہیں بلکہ ہر شہری کو بہتر زندگی کی سہولتیں دینے کا بھی معاملہ ہے ۔خاندانی منصوبہ بندی کو قومی بجٹ، معاشی منصوبوں اور ترقیاتی پالیسی کا اہم حصہ بنایا جائے ، پانچ سال سے کم عمر تقریباً 40 فیصد بچے غذائی کمی کی وجہ سے جسمانی نشوونما میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔