کارپٹ مینوفیکچررز کا کسٹمز حکام سے مسائل حل کرنیکا مطالبہ
خام اون کی برآمد پر پابندی لگانے ، کلیئرنس میں رکاوٹیں دور کرنے پر زور
لاہور (آن لائن)کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے چیف کلکٹر اور کلکٹر کسٹمز سے ملاقات کرکے ہاتھ سے بنے قالینوں کے برآمد کنندگان کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وفد میں پیٹرن انچیف عبد اللطیف ملک، چیئرمین میاں عتیق الرحمن، وائس چیئرمین ریاض احمد، چیئرپرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اعجاز الرحمن اور سینئر ممبر سعید خان شامل تھے ۔ملاقات کے دوران وفد نے ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدی کلیئرنس میں حائل رکاوٹوں اور بعض غیر منصفانہ ڈیوٹیز کے باعث درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔
ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ کسٹمز حکام کے تعاون اور مسلسل سرپرستی سے آئندہ ان مسائل کا موثر حل ممکن ہوگا۔وفد نے مطالبہ کیا کہ پاکستان سے خام اون کی برآمد پر پابندی عائد کی جائے تاکہ مقامی قالین سازی کی صنعت کو معیاری خام مال کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور برآمدات میں اضافہ ہو۔چیف کلکٹر اور کلکٹر کسٹمز نے یقین دہانی کرائی کہ نشاندہی کیے گئے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔