بلوچستان:فائرنگ کے واقعات،4جاں بحق،5لاشیں برآمد
دشت میں ہوٹل پر فائرنگ ، 3 باؤزرز نذر آتش، مقتولین میں 3خواتین شامل زخمی ہونیوالے 4افراد میں2بچے بھی شامل، سوراب میں 3، قلات میں 2قتل
کوئٹہ قلات (سٹاف رپورٹر، نامہ نگار) مستونگ اور قلات میں گاڑیوں اور ہوٹل پرفائرنگ کے واقعات میں باؤزر ڈرائیور اور 3خواتین جاں بحق ہو گئیں جبکہ بچوں سمیت 6افرا د زخمی ہو گئے ، مختلف علاقوں سے 5لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں ۔پولیس کے مطابق مستونگ کے علاقے دشت میں ہوٹل پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر ایل پی جی باوزر کا ڈرائیور جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد مسلح افراد نے ہوٹل پر کھڑے 3 ایل پی جی باؤرز کو آگ بھی لگادی ،لاش اور زخمی افرادکو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ حملہ آور فرار ہوگئے ،ضلع قلات میں کار پر فائرنگ سے خاتون جاں بحق جبکہ بچہ اور ایک شخص زخمی ہوگیا،کھڈکوچہ کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے ناکہ بندی کر رکھی تھی۔
گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا اور نہ روکنے پر مسلح افراد نے کار پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں خاتون موقع پر دم توڑ گئی ، میت اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ،دریں اثناء ژوب سے مریض لے کر کراچی جانے والی گاڑی پر منگوچرکے علاقے میں نا معلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دوخواتین موقع پر ہلاک جبکہ بچے سمیت دو افراد زخمی ہوگئے ،مقامی انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ۔ دریں اثنا سوراب میں قومی شاہراہ کے قریب 3 افراد کی لاشیں ملی ہیں، جبکہ قلات کے علاقے رودینجو سے مزید دو افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں، ابتدائی اطلاعات کے مطابق پانچوں افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے ،لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments