11سالہ بچی کے قاتل کی اپیل مسترد، سزائے موت برقرار

11سالہ بچی کے قاتل کی اپیل مسترد، سزائے موت برقرار

مجرم گوہرنے بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیا:شریعت اپیلیٹ بینچ سپریم کورٹ میرے موکل کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا نہ فنگر پرنٹس لیے گئے :وکیل کاموقف

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ کے شریعت اپیلیٹ بینچ نے کراچی کے علاقے لانڈھی میں 11 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کے مقدمے میں مجرم گوہر کی سزائے موت کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ اور ہائی کورٹ کے فیصلے برقرار رکھے ۔جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں پانچ رکنی شریعت اپیلیٹ بینچ نے منگل کو اپیل پر سماعت کی،جس کے دوران مجرم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کا نہ ڈی این اے ٹیسٹ کیا گیا اور نہ ہی فنگر پرنٹس لیے گئے ۔جسٹس شہزاد احمد ملک نے ریمارکس دیئے کہ 11 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا۔

استغاثہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مجرم مقتولہ کے والد کا دوست تھا، جس پر جسٹس شہزاد احمد ملک نے ریمارکس دیئے کہ مجرم کو شاید یہ لگا ہوگا کہ کسی کو اس پر شک نہیں ہوگا،دوران سماعت جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ اللہ انصاف کرنے والا ہے ، حقدار کو حق مل جاتا ہے ،جسٹس شہزاد احمد ملک نے کہا کہ اس مقدمے میں ایک بچی کو انتہائی بربریت سے قتل کیا گیا، جبکہ جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ اگر اس کیس میں سزائے موت نہ ہو تو پھر کس کیس میں ہوگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...