اسلام آباد میں آج سے یونین کونسلزکی حلقہ بندیوں کا آغاز
31جولائی تک نقشوں کا حصول ، ریکارڈ ،31اگست تک یوسی فہرستوں کی تیاری 27 اگست سے 16ستمبر تک اعتراضات جمع ،یوسیز حتمی فہرست 13اکتوبرکوشائع
اسلام آباد (نیوز رپورٹر )الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے یونین کونسلوں کی نئی حلقہ بندیوں (ڈیلمیٹیشن) کے عمل کا شیڈول جاری کر دیا ہے ۔ احکامات کے مطابق حلقہ بندیوں کے عمل کا آغاز آج سے ہوگا۔ پہلے مرحلے میں آج سے 31 جولائی 2026 تک انتظامی معاملات، نقشوں کے حصول اوردیگر متعلقہ ریکارڈ کی تیاری کی جائے گی، دوسرے مرحلے میں یکم اگست سے 25 اگست 2026 تک حلقوں اور یونین کونسلوں کی ابتدائی فہرست (فارم 8) تیار کی جائے گی، الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق 26 اگست 2026 کو حلقوں اور یونین کونسلوں کی ابتدائی فہرست (فارم 8) شائع کی جائے گی۔
جس کے بعد 27 اگست سے 16 ستمبر 2026 تک متعلقہ ووٹرز حلقہ بندیوں کے خلاف ڈیلمیٹیشن اتھارٹی کے سامنے اپنے اعتراضات جمع کرا سکیں گے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیلمیٹیشن اتھارٹی 27 اگست سے یکم اکتوبر 2026 تک موصول ہونے والے اعتراضات کی سماعت اور ان پر فیصلے کرے گی، جبکہ اعتراضات نمٹانے کی آخری تاریخ یکم اکتوبر 2026 مقرر کی گئی ہے ۔ڈیلمیٹیشن اتھارٹی فیصلوں سے 8 اکتوبر 2026 تک ڈیلمیٹیشن کمیٹی کو آگاہ کرے گی۔شیڈول کے مطابق حلقوں اور یونین کونسلوں کی حتمی فہرست (فارم 9) 13 اکتوبر 2026 کو شائع کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments